امریکہ کا بھارت کو روسی تیل پر خبردار: ٹرمپ کی نئی ٹیرف دھمکی

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا، روس سے تیل خریدنے پر بھارت کو قیمت چکانا ہوگی، امریکہ ٹیرف کے ذریعے اربوں ڈالر کمائے گا

0

واشنگٹن :
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی تیل کی خریداری جاری رکھنے پر بھارت کو مزید ٹیرف لگانے کی دھمکی دے دی ہے۔ اوول آفس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ بھارت کو روس سے سستا تیل خریدنے کی قیمت ٹیرف کی صورت میں ادا کرنا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ٹیرف کے ذریعے اربوں ڈالر حاصل کرے گا جو ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں مدد دے گا۔

صدر ٹرمپ نے اپنی معاشی پالیسی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ "بگ بیوٹی فل بل” کی منظوری سے امریکی معیشت بہتر ہو رہی ہے اور اب مائیکرو چپس اور سیمی کنڈکٹرز پر بھی بڑے ٹیرف عائد کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال قبل امریکا دیوالیہ ہونے کے قریب تھا لیکن ان کی قیادت میں حالات تبدیل ہوئے، سرمایہ کاری کے لیے خلیجی ممالک سمیت کئی اہم ریاستوں کے دورے کیے گئے۔

روس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے بتایا کہ روسی صدر پیوٹن کے ساتھ حالیہ گفتگو اچھی رہی، اگرچہ وہ اسے کوئی بڑی پیش رفت نہیں کہیں گے، لیکن یہ ایک مثبت موقع ضرور ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ روسی حکام سے آئندہ ملاقات جلد ہو گی۔

ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی پر بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ وہ اب تک دنیا بھر میں پانچ جنگوں کا خاتمہ کر چکے ہیں اور مزید قیام امن کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.