ایف آئی اے کا بڑا ایکشن: معروف این جی او HOPE کی چیئرپرسن بچوں کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار
فلاحی تنظیم کے پردے میں امریکہ اور یورپ میں بچوں کی مبینہ ٹریفکنگ، امریکی قونصل خانے کی شکایت پر کارروائی
اسلام آباد ( رپورٹ : شکیلہ جلیل )
ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (AHTC) کراچی نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے معروف غیر سرکاری تنظیم HOPE کی چیئرپرسن ڈاکٹر مبینہ قاسم اگبوٹوالا کو گرفتار کر لیا۔
ذرائع کے مطابق، HOPE کے نام سے چلنے والی این جی او بیرونِ ملک، خصوصاً امریکہ، نابالغ بچوں کی غیر قانونی اسمگلنگ میں ملوث پائی گئی۔ یہ سنسنی خیز انکشاف اس وقت سامنے آیا جب امریکی قونصل خانے نے ایف آئی اے کو باقاعدہ شکایت درج کرائی، جس کے بعد تحقیقاتی عمل کا آغاز کیا گیا۔
تفتیش کے دوران ملزمہ کے خلاف واضح شواہد سامنے آئے جس پر مقدمہ درج کیا گیا۔ گرفتاری سے بچنے کے لیے ملزمہ نے قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست دائر کی، تاہم عدالت نے پیر کے روز درخواست مسترد کر دی، جس کے بعد ایف آئی اے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق HOPE جیسی تنظیمیں "فلاحی سرگرمیوں” کی آڑ میں انسانی اسمگلنگ جیسے سنگین جرائم میں ملوث ہیں، جو نہ صرف ملکی قوانین بلکہ بین الاقوامی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے اور اس نیٹ ورک سے جڑے دیگر ممکنہ سہولت کاروں کے خلاف بھی جلد سخت کارروائی کی جائے گی۔ یہ گرفتاری انسانی اسمگلنگ کے خلاف جاری ایف آئی اے کی مہم میں ایک اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔