شینگسی جزائر میں سیاحتی ریکارڈ ٹوٹ گئے، عالمی سطح پر مقبولیت میں تیزی سے اضافہ
رومانوی شادیوں سے لے کر سیپ کے فارموں تک، شینگسی کا منفرد تجربہ 35 فیصد اضافے کے ساتھ سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ لایا
بیجنگ: مشرقی چین کے سمندر کے کنارے واقع شینگسی جزائر تیزی سے چین کے سب سے مقبول سیاحتی مقامات میں شامل ہو رہے ہیں۔ دلکش مناظر، ثقافتی تنوع اور روایت و جدت کے حسین امتزاج کے باعث، اس علاقے نے سال 2025 کے پہلے پانچ مہینوں میں شاندار سیاحتی نتائج حاصل کیے۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق، جنوری سے مئی تک شینگسی میں 13 لاکھ 36 ہزار سیاحوں نے وزٹ کیا، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 35.1 فیصد زیادہ ہے، اور صوبہ ژی جیانگ میں سب سے تیز رفتار ترقی ہے۔ خاص طور پر رات گزارنے والے سیاحوں کی تعداد میں 50.7 فیصد اضافہ ہوا، جو 7 لاکھ 56 ہزار تک پہنچ گئی۔
”خوبصورت شینگسی، شاندار شینگسی“ کے وژن کے تحت، یہ جزائر محض روایتی سیر و تفریح سے آگے بڑھ چکے ہیں۔ دو قومی 4A سطح اور تین 3A سطح کے سیاحتی مقامات کی بنیاد پر، شینگسی نے اپنے تمام قصبوں اور دیہاتوں میں مکمل سیاحتی سہولیات فراہم کی ہیں۔ یہ صوبے میں جزیرہ پارکوں کی ترقی میں سرفہرست ہے، اور اسے ہولسٹک ٹورازم (جامع سیاحت) کے لیے صوبائی نمائش علاقہ قرار دیا گیا ہے۔ ثقافت اور سیاحت کے اعلیٰ معیار کے انضمام کے لحاظ سے یہ صوبے کے سرفہرست دس علاقوں میں شامل ہے۔ شینگسی کو ”شائننگ پرل“ یعنی چمکتا ہوا موتی بھی قرار دیا گیا ہے۔
ہوآؤ جزیرہ، جسے ”رومانس کا جزیرہ“ بھی کہا جاتا ہے، مئی ڈے کی چھٹیوں میں سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہا۔ یہاں سمندری چٹانوں پر رومانوی تقریبات، مچھلی پکڑنے والے دیہات میں فنکارانہ ورکشاپس، اور رات کے وقت ”بلیو ٹیرز“ جیسی قدرتی روشنی کے مناظر نے مہمانوں کو مسحور کر دیا۔ 25 جوڑوں نے اجتماعی شادی میں شرکت کی، جو "سیاحت + جذبہ” کا حسین امتزاج تھا۔ اس دوران گیسٹ ہاؤسز مکمل طور پر بُک رہے۔
ہر جزیرے کی اپنی الگ پہچان ہے۔ سجیاؤ جزیرے میں بدھ مت کی روحانی کشش، ماہی گیروں کے دیہات کی سادگی کے ساتھ مل کر سکون بخش فضا بناتی ہے۔ شینگشان جزیرہ پر صدیوں پرانی ماہی گیری کی روایات آج بھی زندہ ہیں۔ گوکی جزیرے کے سمندری فارم دیہی ترقی کی کامیابی کی کہانی سناتے ہیں۔ ہوانگ لونگ جزیرے کی چٹانیں قدرتی مصوری کا منظر پیش کرتی ہیں، جبکہ یانگ شان جزیرہ صنعت و فطرت کے امتزاج کی خوبصورت مثال ہے۔
شینگسی نے "ایک جزیرہ، ایک خاصیت” کی حکمت عملی اپنائی ہے، جس کے تحت ہر جزیرے کو اس کی خاص پہچان کے مطابق ترقی دی جا رہی ہے۔ سجیاؤ اور ہوانگ لونگ جزائر، اور مشرقی مآن آرکیپیلاگو کے درمیان مربوط نیٹ ورک سیاحت کو فروغ دے رہا ہے، جس سے یہ خطہ ایک جُڑی ہوئی سیاحتی منزل بن رہا ہے۔
یہاں سیاحت کا روایتی ماڈل ”سمندر کا ذائقہ، ساحل پر دعوت“ اب ”لہروں میں خوشی، سکون میں راحت“ جیسے تجربے میں بدل چکا ہے۔ تہواروں، آرٹ ایونٹس اور اسپورٹس نے سیاحتی سرگرمیوں میں نئی روح پھونکی ہے۔ سجیاؤ جزیرے میں ”ایف یو آرٹ فیسٹیول“ کے ذریعے شہریوں کو قدرتی خزانوں سے متعارف کرایا گیا۔ ادھر مشرقی چین سی کپ سیلنگ ریگٹا میں 20 بین الاقوامی ٹیموں نے حصہ لیا، اور جھو بیچ واٹر اسپورٹس سینٹر روزانہ 2000 سے زائد افراد کو خدمات دے رہا ہے۔ حال ہی میں شروع کی گئی "ہیلی کاپٹر آئی لینڈ ٹور” نے شینگسی کی سیاحت کو فضا میں بھی وسعت دی ہے۔
شینگسی سیاحوں کو صرف مناظر ہی نہیں بلکہ سہولیات کے ذریعے بھی متاثر کرتا ہے۔ ٹرانسپورٹ مراکز پر خوشگوار سروس، جزیرہ در جزیرہ رابطہ، اور تفریحی مقامات پر مفت سہولیات نے یہاں کا تجربہ مزید آسان بنایا ہے۔ کھانے کا ذائقہ بھی اس سیاحتی تجربے کا اہم حصہ ہے۔ "صدی پرانی ماہی گیری کے میدان” کی برانڈنگ کے تحت، سرکاری نُوڈل شاپس کو تیزی سے پھیلایا جا رہا ہے، اور ”سمندر کے آٹھ خزانے“ جیسے موسمی کھانے مقبولیت حاصل کر چکے ہیں۔
شینگسی اپنی ثقافتی انفرادیت اور سیاحتی جدت کے امتزاج سے چین کی سیاحت میں نئی مثال قائم کر رہا ہے۔ جامع ترقی، انفرادیت اور ہم آہنگی کے ساتھ یہ جزائر مجموعی طور پر ایسی منزل بن چکے ہیں جو سیاحوں کے دل جیت رہی ہے اور مستقبل میں بین الاقوامی سطح پر مزید مقبول ہونے جا رہی ہے.