لاہور میں بھارتی جاسوس ڈرون مار گرایا گیا
مناواں کے قریب سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی، حساس اداروں نے تحقیقات شروع کر دیں
لاہور: سکیورٹی فورسز نے لاہور کے نواحی علاقے مناواں میں بھارتی جاسوس ڈرون کو مار گرایا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق، پاکستانی حدود میں ایک بھارتی ڈرون کی پرواز دیکھی گئی تھی جس پر فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے نشانہ بنایا اور نیچے گرنے پر مجبور کر دیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق، ڈرون سرویلنس کے مقاصد کے لیے استعمال ہو رہا تھا اور اس میں کسی قسم کا بارودی مواد موجود نہیں تھا۔ حساس اداروں نے ڈرون کو اپنی تحویل میں لے کر اس کی نوعیت، پرزہ جات اور ممکنہ مقاصد کی جانچ پڑتال شروع کر دی ہے۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی ملکی سلامتی کے دفاع کے لیے اہم پیشرفت ہے۔