پاک بحریہ کی قیادت میں کراچی میں بندرگاہوں کے دفاع کی بڑی مشقیں مکمل

دو روزہ "پورٹ سیکیورٹی اینڈ ہاربر ڈیفنس ایکسرسائز" میں پاک بحریہ، میری ٹائم ایجنسی، KPT اور دیگر اداروں کی شرکت؛ مشترکہ ردعمل، خطرات سے نمٹنے اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم کو مؤثر بنانے کی بھرپور مشق۔

0

کراچی: پاک بحریہ کے زیرِ اہتمام کراچی اور پورٹ قاسم پر دو روزہ پورٹ سیکیورٹی اور ہاربر ڈیفنس ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا ۔ مشق کا بنیادی مقصد آپریشنل صلاحیتوں، دفاعی طریقۂ کار کو بہتر بنانا اور متعلقہ اداروں کے مابین باہمی تعاون و رابطے کو فروغ دینا تھا۔

مشق مختلف منظرناموں پر مشتمل تھی جن کا مقصد پاک بحریہ کی کوسٹل کمانڈ، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (PMSA)، کراچی پورٹ ٹرسٹ (KPT) اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تیاری اور مشترکہ ردعمل کی صلاحیتوں کو جانچنا تھا۔

مشق میں شریک مختلف اداروں کے نمائندوں نے مشکل حالات میں مربوط کارروائیوں کی مشق کی، جس کا مقصد بحری تنصیبات کو درپیش ممکنہ خطرات کی بروقت نشاندہی، ان کی فوری روک تھام اور مؤثر تدارک کو یقینی بنانا تھا۔ اس مشق میں مواصلاتی صلاحیت اور کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام کو مربوط بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔

یہ مشق پاک بحریہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاری کی مظہر ہے، جو بحری اثاثوں کے تحفظ اور بندرگاہوں کی سرگرمیوں کو بلا تعطل یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.