امریکی صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر بھارتی طیارے گرائے جانے کی تصدیق کر دی

دونوں ممالک کو جنگ سے بچایا، بھارت کے امریکا سے تعلقات میں کھٹاس، روس اور چین سے قربت بڑھانے کا اعلان

0

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارتی جنگی طیارے گرائے جانے کی تصدیق کر دی۔ آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان امن معاہدے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاک بھارت جنگ میں پانچ یا چھ جنگی طیارے مار گرائے گئے، اور اس وقت دونوں ممالک ممکنہ ایٹمی جنگ کے دہانے پر پہنچ گئے تھے۔

ٹرمپ نے کہا کہ وہ جنگوں کے بجائے امن اور تجارت چاہتے ہیں، اور انہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ جنگ کو رکوانے میں کردار ادا کیا۔ روس کے ساتھ ڈیل آخری مراحل میں ہے اور وہ جلد صدر پیوٹن اور زیلنسکی سے ملاقات کریں گے کیونکہ روس اور یوکرین بھی اب امن چاہتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاک بھارت جنگ بندی کے دوران دونوں ممالک بڑی جنگ کی طرف بڑھ رہے تھے لیکن انہوں نے رہنماؤں کو سمجھایا کہ لڑائی نہیں بلکہ تجارت کریں، اور اس موقع پر پاکستان اور بھارت کے رہنماؤں نے دانشمندی کا مظاہرہ کیا۔

دوسری جانب امریکا کے حالیہ ٹیرف اقدامات سے نالاں بھارت نے روس اور چین سے قربت بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سات سال بعد پہلی بار چین کا دورہ کریں گے جبکہ انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو بھارت آنے کی دعوت بھی دی ہے۔ اس کے ساتھ بھارت نے امریکا سے ہتھیاروں اور طیاروں کی خریداری روک دی ہے، جسے عالمی ماہرین نے ایک سنجیدہ قدم قرار دیا ہے۔

امریکی جریدے بلوم برگ کے مطابق 17 جون کو مودی نے صدر ٹرمپ کی عشائیے کی دعوت یہ کہہ کر ٹھکرا دی تھی کہ انہیں خدشہ تھا کہ اس موقع پر ٹرمپ کہیں ان کی ملاقات پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر سے نہ کرا دیں۔ رپورٹ کے مطابق اسی روز ٹرمپ اور مودی کے درمیان 35 منٹ طویل اور تناؤ بھری فون کال ہوئی، جو امریکا اور بھارت کے تعلقات میں ایک اہم موڑ ثابت ہوئی۔ اس کے بعد تعلقات میں تلخی پیدا ہوئی، اور ٹرمپ نے بھارتی معیشت کو "مردہ” قرار دے کر بھارتی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کر دیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.