آئرلینڈ ویمنز کی سنسنی خیز جیت، پاکستان ویمنز سیریز سے باہر

آخری گیند پر چھکا، آئرلینڈ نے 4 وکٹ سے میچ جیت کر 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی

0

ڈبلن (سید محمد یاسین ہاشمی): آئرلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے پاکستان ویمنز کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری گیند پر 4 وکٹ سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ اتوار کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز اسکور کیے۔ شوال ذوالفقار 33، نتالیہ پرویز 31، منیبہ علی 27 اور کپتان فاطمہ ثنا 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ آئرلینڈ کی لارا مک برائیڈ اور کارا مرے نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ نے 35 رنز پر تین وکٹیں گنوا دیں، تاہم اورلا پرینڈرگاسٹ نے 51 اور لارا ڈیلینی نے 42 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو واپس میچ میں لے آئیں۔ ریبیکا سٹوکل 34 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں، جبکہ جین میگائر نے آخری گیند پر چھکا لگا کر ٹیم کو فتح دلائی۔

پاکستان کی جانب سے رامین شمیم نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 36 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، مگر یہ کارکردگی بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.