14 اگست صرف جشن نہیں، بلکہ اُن قربانیوں کی یاد دہانی ہے جنہوں نے خواب کو حقیقت بنایا۔

0

اسلام آباد: 14 اگست پاکستان کی تاریخ میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جب ایک آزاد اور خودمختار ریاست کا خواب حقیقت میں ڈھلا۔ یہ دن نہ صرف خوشی کا موقع ہے بلکہ ایک نئے عزم اور تجدیدِ وفا کا پیغام بھی دیتا ہے، جو ہمیں ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

یومِ آزادی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ریٹائرڈ کرنل جی بی شاہ نے کہا کہ پاکستان کا قیام محض جغرافیائی نقشے کی تبدیلی نہیں، بلکہ ایک ایسا معرکۂ حق تھا جو قربانی، جدوجہد اور ایمان کے ستونوں پر کھڑا ہوا۔

انہوں نے کہا کہ 1947 کے بعد پاکستان کا قائم رہنا خالص جذبے کی بدولت ممکن ہوا۔ اُس وقت سول ایڈمنسٹریشن تقریباً مفلوج تھی، اعلیٰ افسران ہندوستان جا چکے تھے اور وسائل کی شدید کمی تھی۔ اس کڑے وقت میں ہجرت کر کے آنے والے مہاجرین، جو ہندوستان میں اعلیٰ عہدوں پر فائز تھے، پاکستان آ کر کم تنخواہیں قبول کرتے اور ریاست کی خاطر ہر قربانی دینے کو تیار رہتے۔

کرنل شاہ کے مطابق یہی ایثار اور خلوصِ نیت نوخیز مملکت کی اصل طاقت بنے، جنہوں نے پاکستان کو ابتدا کے بحرانوں سے نکال کر استحکام کی راہ پر گامزن کیا۔

یومِ آزادی ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قوموں کی تعمیر قربانی اور قومی اتحاد کے بغیر ممکن نہیں۔ کرنل جی بی شاہ کا پیغام نئی نسل کے لیے واضح ہے کہ پاکستان ایک خواب نہیں بلکہ عزم، قربانی اور ایثار کی زندہ تعبیر ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.