شاہ محمود قریشی شادمان تھانہ اور گاڑیاں جلانے کے مقدمات سے بری

9 مئی فسادات کیسز میں اے ٹی سی کا بڑا فیصلہ، پی ٹی آئی رہنماؤں کو بھاری سزائیں، 26 ملزمان بری۔

0

لاہور : انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) لاہور نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کو 9 مئی کے ہنگاموں سے جڑے شادمان تھانہ جلاؤ گھیراؤ اور بیکری کے باہر گاڑیاں جلانے کے مقدمات میں بری کر دیا۔

اے ٹی سی کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں فیصلہ سناتے ہوئے دونوں ہائی پروفائل مقدمات کا ٹرائل مکمل کیا۔ شادمان تھانہ جلانے کے مقدمے میں شاہ محمود قریشی سمیت 12 ملزمان بری ہوگئے، جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چودھری اور عمر سرفراز چیمہ کو 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ پی ٹی آئی رہنماؤں عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو 5، 5 سال قید اور ایک، ایک لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔

شادمان مقدمے میں کل 41 ملزمان نامزد تھے، جن میں سے 15 اشتہاری قرار دیے جا چکے ہیں۔ اس مقدمے میں دہشت گردی سمیت دیگر سنگین الزامات شامل تھے۔

بیکری کے باہر گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں بھی شاہ محمود قریشی بری ہوگئے، تاہم یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری، میاں محمود الرشید، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید شامل دیگر ملزمان کے خلاف ٹرائل مکمل ہوا۔ اس مقدمے میں 25 ملزمان نامزد تھے، 7 اشتہاری قرار پائے اور 5 زیر حراست ہیں۔

یاد رہے کہ لاہور میں 9 مئی کے تین مقدمات کا فیصلہ سنایا جا چکا ہے، جن میں دو مختلف ججز نے مجموعی طور پر 31 ملزمان کو سزائیں اور 26 کو بری کیا۔ شاہ محمود قریشی تینوں مقدمات میں بری ہو چکے ہیں، تاہم ان کے خلاف 9 مئی سے متعلق 11 مقدمات اب بھی زیر سماعت ہیں

Leave A Reply

Your email address will not be published.