اقلیتوں کا قومی دن: سینیٹ میں اقلیتوں کی پارلیمانی کاکس قائم کرنے کا فیصلہ

یوسف رضا گیلانی کا اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کا عزم، قومی اسمبلی اراکین کو بھی نمائندگی دی جائے گی۔

0

اسلام آباد : اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر سینیٹ میں اقلیتوں کی پارلیمانی کاکس قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اجلاس میں اعلان کیا کہ اس کاکس میں قومی اسمبلی کے اراکین کو بھی نمائندگی دی جائے گی۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ خواتین اور اقلیتوں کی فلاح ہمیشہ ان کی ترجیحات میں رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بطور وزیراعظم انہوں نے خواتین اور اقلیتوں کو قومی دھارے میں شامل کیا جبکہ شہید بے نظیر بھٹو نے بھی ان کی ترقی کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلاول بھٹو خواتین کو بااختیار بنانے اور قومی اداروں میں شمولیت کے خواہاں ہیں، جبکہ صدر مملکت آصف علی زرداری بھی اقلیتوں کے مساوی حقوق اور مواقع کے لیے پُرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین و اقلیتوں کے کوٹے میں اضافے کے لیے کوششیں جاری ہیں اور ایوانِ بالا میں اقلیتوں کو 4 فیصد نمائندگی دینے کی تجویز زیر غور ہے، تاکہ اعلیٰ سطحی فیصلہ سازی میں ان کی شمولیت ممکن ہو سکے۔

یوسف رضا گیلانی نے واضح کیا کہ پارلیمانی کاکس اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لیے فعال کردار ادا کرے گا، اور سینیٹ اجلاس میں ان کے کردار کو تسلیم کرنے کے لیے خصوصی قرارداد بھی پیش کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتوں نے پاکستان کی ترقی اور ہم آہنگی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے، پاکستان ایک کثیرالثقافتی ملک ہے جہاں ہر عقیدے کے شہری ملک کی ترقی میں شریک ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.