راشد نسیم کا جشنِ آزادی پر کارنامہ ، بھارتی ریکارڈ سمیت تین عالمی ریکارڈ توڑ ڈالے
160 عالمی ریکارڈز کے مالک پاکستانی مارشل آرٹس ماسٹر کا نیا کارنامہ، مزید تین ریکارڈ گنیز کو منظوری کے لیے روانہ
کراچی: (رپورٹ: سید محمد یاسین ہاشمی) پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ مارشل آرٹس ماسٹر راشد نسیم نے جشنِ آزادی کی تقریبات میں ایک بار پھر پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا، بھارتی ریکارڈ سمیت تین نئے عالمی ریکارڈ توڑ دیے۔
راشد نسیم نے بھارت کے ان نارایان کے 7 ماربل ٹائل توڑنے کے ریکارڈ کو اپنی کک سے 8 ماربل ٹائل توڑ کر پیچھے چھوڑ دیا۔ ان نارایان 20 سے زائد عالمی ریکارڈ بنا چکے ہیں اور انٹرنیشنل ٹی وی شوز میں حصہ بھی لے چکے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی راشد نسیم نے نن چکو کیٹیگری میں دو مزید ریکارڈ اپنے نام کیے۔ پہلے ریکارڈ میں انہوں نے ایک ساتھ 170 نن چکو ٹرائی اینگل اسٹیپ کیے، جب کہ گنیز ورلڈ ریکارڈ کا ہدف 160 تھا۔ دوسرے ریکارڈ میں انہوں نے نن چکو کو گردن کے پیچھے سے 55 مرتبہ گھمایا، جو ایک منٹ میں 45 گھماؤ کے ریکارڈ سے زیادہ ہے۔
راشد نسیم کے مطابق یہ تمام نئے ریکارڈز گنیز ورلڈ ریکارڈ کے آفیشلز کو منظوری کے لیے بھیج دیے گئے ہیں۔ اگر یہ تینوں ریکارڈ منظور ہو گئے تو ان کے انفرادی عالمی ریکارڈز کی تعداد 135 ہو جائے گی، جبکہ ان کی اکیڈمی "مارشل آرٹس اکیڈمی پاکستان” 160 عالمی ریکارڈز کے ساتھ پاکستان کی سب سے زیادہ ریکارڈ رکھنے والی اکیڈمی بن گئی ہے۔
راشد نسیم اب تک بھارت کے 40 سے زائد عالمی ریکارڈ توڑ چکے ہیں، جبکہ انگلینڈ، چین، اٹلی، ایران، مصر، جرمنی، سربیا اور سوئٹزرلینڈ کے ریکارڈز بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔ وہ واحد پاکستانی ہیں جو اٹلی، جرمنی، رومانیہ، چین، کوریا، سنگاپور اور اسپین جیسے ممالک میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔