اسرائیل کے غزہ میں مظالم پر پریانکا گاندھی کا سخت ردعمل، بھارتی حکومت کی خاموشی پر تنقید
60 ہزار سے زائد فلسطینی شہید، 18 ہزار بچے شامل — اسرائیل کے جرائم پر خاموشی بھی جرم ہے، پریانکا گاندھی
نئی دہلی: بھارت کی اپوزیشن جماعت انڈین نیشنل کانگریس کی جنرل سیکرٹری پریانکا گاندھی نے غزہ میں اسرائیلی مظالم پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل اب تک 60 ہزار سے زیادہ فلسطینیوں کو شہید کر چکا ہے، جن میں 18 ہزار 430 بچے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ اسرائیلی پابندیوں کے باعث سینکڑوں بچوں سمیت متعدد افراد غذائی قلت کا شکار ہو کر جان سے جا رہے ہیں، اور ان جرائم پر خاموشی اور کارروائی نہ کرنا بذاتِ خود ایک جرم ہے۔
پریانکا گاندھی نے کہا کہ یہ شرمناک ہے کہ اسرائیل غزہ پر تباہی مسلط کر رہا ہے اور بھارتی حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ الجزیرہ کے پانچ صحافیوں کا بہیمانہ قتل فلسطینی سرزمین پر ایک اور گھناؤنا جرم ہے، مگر اسرائیل کے مظالم اور نفرت سچائی کے علمبرداروں کا حوصلہ نہیں توڑ سکتے۔
اپوزیشن رہنما کا کہنا تھا کہ ان بہادر صحافیوں نے دنیا کو دکھایا کہ حقیقی صحافت کیا ہوتی ہے، اور دعا کی کہ خدا ان کی روح کو سکون عطا کرے۔