کراچی میں نیشنل پیڈل رینکنگ کپ کا آغاز، 120 سے زائد کھلاڑی ایکشن میں
نیشنل رینکنگ کے ساتھ ایشین چیمپئن شپ کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ، 6 لاکھ روپے کی انعامی رقم بھی داؤ پر
رپورٹ: سید محمد یاسین ہاشمی
کراچی میں نیشنل پیڈل رینکنگ کپ کے دوسرے ایڈیشن کا آغاز ہو گیا، جس کا انعقاد پاکستان پیڈل فیڈریشن، پیڈل ایشیا اور انٹرنیشنل پیڈل فیڈریشن کے تعاون سے کیا جا رہا ہے جبکہ اسے میدان اور پلے پرو کا بھی اشتراک حاصل ہے۔ ایونٹ میں پاکستان بھر سے 120 سے زائد کھلاڑی تین کیٹیگریز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ مینز کیٹیگری میں 32، جبکہ ویمن اور مکسڈ ڈبلز کیٹیگری میں 16، 16 ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی۔
یہ رینکنگ کپ جہاں نیشنل رینکنگ بہتر بنانے کا موقع فراہم کرے گا وہیں اسے ایشین پیڈل چیمپئن شپ کا کوالیفائنگ راؤنڈ بھی قرار دیا گیا ہے۔ قطر میں شیڈول ایشین چیمپئن شپ کے لیے پاکستانی مینز اور ویمنز ٹیم کا انتخاب اسی ایونٹ کی کارکردگی کی بنیاد پر ہوگا۔ پانچ روزہ ایونٹ کے پہلے روز مینز کیٹیگری کے میچز کھیلے گئے جن میں کچی برادرز، ٹیم میدان، ٹیم اللہ والا، پیڈل ماسٹرز، ٹیم لائن، ٹیم ایس ایم اور ٹیم ٹاٹ نے کامیابی حاصل کی۔ پیر کو ویمنز اور مکسڈ ڈبلز کیٹیگری کے میچز شیڈول ہیں۔
سی ای او پاکستان پیڈل، مدثر آرائیں کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے مسلسل ایونٹس کا انعقاد ضروری ہے تاکہ بہترین ٹیلنٹ سامنے آ سکے۔ انہوں نے بتایا کہ منتخب کھلاڑیوں کو انٹرنیشنل کوچز کے ذریعے تربیت فراہم کی جائے گی، جبکہ فاتح کھلاڑیوں کو انعامات کے ساتھ ساتھ 6 لاکھ روپے کی انعامی رقم بھی دی جائے گی۔