پاکستان تائیکوانڈو ٹیم قازقستان اوپن انٹرنیشنل چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے آستانہ پہنچ گئی

14 سے 16 اگست تک ہونے والے ایونٹ میں 21 ممالک کی شرکت، پاکستانی کھلاڑی 14 اگست کو ایکشن میں ہوں گے

0

اسلام آباد: (سید محمد یاسین ہاشمی) پاکستان تائیکوانڈو ٹیم قازقستان اوپن انٹرنیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ 2025 میں شرکت کے لیے آستانہ، قازقستان پہنچ گئی۔ یہ (G-1) رینک کا ایونٹ 14 سے 16 اگست تک جاری رہے گا، جس میں پاکستان، چین، بھارت، قازقستان، نیپال، متحدہ عرب امارات، افغانستان، سعودی عرب اور WT ریفیوجی ٹیم سمیت 21 ممالک حصہ لے رہے ہیں۔

پاکستانی اسکواڈ کی قیادت لیفٹیننٹ کرنل ذیشان اسلم اور قومی ہیڈ کوچ ماسٹر یوسف کرامی کر رہے ہیں۔ ٹیم میں شاہ زیب خان (-54 کلوگرام)، حمزہ عمر سعید (+87 کلوگرام)، نعمان خان (-68 کلوگرام)، ابوبکر صدیق (-58 کلوگرام)، کیف انور (-74 کلوگرام)، ارباز خان (-63 کلوگرام) اور خاتون ایتھلیٹ فاطمہ زہرا (-49 کلوگرام) شامل ہیں۔

لیفٹیننٹ کرنل ذیشان اسلم نے کہا کہ یہ چیمپئن شپ پاکستان کی آزادی کے مہینے میں ہونے سے کھلاڑیوں کا حوصلہ مزید بلند ہے، ہمارا ہدف آزادی کے موقع پر پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنا ہے۔ کوچ یوسف کرامی کے مطابق کھلاڑیوں نے سخت ٹریننگ اور بین الاقوامی ٹیموں کے ساتھ مشترکہ سیشنز کے ذریعے قیمتی تجربہ حاصل کیا ہے۔

پاکستانی کھلاڑی 14 اگست کو اپنے اپنے ویٹ کیٹیگریز میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.