سلام آباد ٹریفک پولیس کا 13 اور 14 اگست کیلئے خصوصی ڈائیورشن پلان جاری
یوم آزادی تقریبات اور "معرکۂ حق" کے دوران شہری متبادل راستے استعمال کریں، ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی
اسلام آباد : چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر کی زیر نگرانی اسلام آباد ٹریفک پولیس نے 13 اور 14 اگست 2025 کے لیے خصوصی ٹریفک ڈائیورشن پلان جاری کر دیا۔ اس دوران سری نگر ہائی وے زیرو پوائنٹ سے جناح اسکوائر تک دونوں اطراف سے عام ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رہے گی، جبکہ 13 اگست دوپہر 12 بجے سے 14 اگست رات 3 بجے تک ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا اسلام آباد میں داخلہ ممنوع ہوگا۔
مری روڈ (براستہ شکر پڑیاں روڈ، چاند تارا چوک، گارڈن ایونیو I-8) ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گی، جبکہ آئی-8 گارڈن پل، G-7 لوپ اور سپورٹس کمپلیکس ٹرن بھی بند رہیں گے۔
شہریوں کے لیے متبادل راستوں میں موٹر وے سے سری نگر ہائی وے، مری اور بارہ کہو کیلئے پشاور موڑ، 9ویں ایونیو، جناح ایونیو، ایمبیسی روڈ اور سرینا ہوٹل روٹ تجویز کیا گیا ہے۔ زیرو پوائنٹ سے آنے والے شہری بائیں لوپ سے سہروردی روڈ، آبپارہ اور سرینا ہوٹل کا راستہ اختیار کریں، جبکہ مری اور بارہ کہو سے راولپنڈی جانے والوں کو کورنگ روڈ، بنی گالہ، پارک روڈ اور فیض آباد کا راستہ استعمال کرنے کی ہدایت ہے۔
مزید یہ کہ مری جناح اسکوائر سے آنے والے شہری کشمیر چوک، کلب روڈ اور فیض آباد جبکہ کشمیر چوک سے آنے والے شہری سہروردی روڈ، آبپارہ چوک اور زیرو پوائنٹ استعمال کریں۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے اہلکار اہم شاہراہوں اور چوراہوں پر تعینات رہیں گے تاکہ شہریوں کی رہنمائی کی جا سکے۔ ٹریفک اپڈیٹس کے لیے شہری اسلام آباد ٹریفک پولیس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز یا ریڈیو ایف ایم 92.4 سے رابطہ کریں۔