یجنگ۔:چین نے پاکستان کے مختلف علاقوں میں سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ نِنگ نے پیر کو اپنی معمول کی پریس بریفنگ میں کہا کہ ہم نے نوٹ کیا ہے کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث تباہ کن سیلاب آئے جن سے جانی اور مالی نقصانات ہوئے، ہم جاں بحق افراد کے لیے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہیں اور ہماری تمام تر ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں اور زخمیوں کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے بھی پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کو تعزیتی پیغام پہنچایا ہے۔ماؤ نِنگ نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ پاکستانی عوام اس آفت پر قابو پالیں گے اور اپنے گھر دوبارہ تعمیر کرلیں گے۔ترجمان کے مطابق فی الحال اس بات کی کوئی اطلاع نہیں ملی کہ آفت میں کوئی چینی شہری جاں بحق ہوا ہے، پاکستان میں چینی سفارت خانہ صورتحال کی تصدیق کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے۔