اسلام آباد۔:شمالی علاقہ جات خصوصاً گلگت بلتستان میں شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال کے نتیجے میں متعدد اہم شاہراہیں بند ہو گئی ہیں، این ڈی ایم اے نے ممکنہ موسمی صورتحال اور سڑکوں کی بندش کے حوالے سے شہریوں اور سیاحوں کے لئے سفری الرٹ جاری کر دیا۔ این ڈی ایم اے کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کے باعث تورغر روڈ (120 کلومیٹر)، بٹگرام روڈ (140 کلومیٹر)، شانگلہ روڈ (160 کلومیٹر) اور لوئر کوہستان روڈ (180 کلومیٹر) پر ٹریفک مکمل طور پر معطل ہے۔ اسی طرح تتہ پانی روڈ (320 تا 360 کلومیٹر)، گلگت روڈ (400 تا 420 کلومیٹر)، ہنزہ روڈ (530 کلومیٹر) اور قراقرم ہائی وے کے کئی حصے بھی بند ہیں۔مزید برآں جسر روڈ اور مینگورہ سوات روڈ پر مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی صورتحال کے باعث سفر خطرناک قرار دیا گیا ہے۔این ڈی ایم اے نے سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ ان راستوں پر سفر سے اجتناب کریں۔
گانچھے میں سرمو پل اور شیوک میں سالتورو پل کے متاثر ہونے کے بعد کوئی متبادل راستہ موجود نہیں جس میں آستک پل بھی متاثر ہوا ہے جبکہ دیان سے غذر اور تھلے بروق سے غذر کے راستے بھی بند ہیں۔شندور، خلتی، دین اور اشکومن کی سڑکیں بھی لینڈ سلائیڈنگ سے شدید متاثر ہیں جبکہ ہوپر سے نگر، گلمت سے گوجال اور گلگت سے جگلوٹ کی شاہراہوں پر بھی ٹریفک ممکن نہیں۔ استور میں چلم روڈ بند ہے تاہم متبادل راستہ دیوسائی کے ذریعے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ تھنگل نالہ سے شگر اور کرگل سے خرمنگ جانے والے راستے بھی ٹریفک کے لئے بند ہیں۔این ڈی ایم اے نے شہریوں اور سیاحوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ متاثرہ یا غیر محفوظ متبادل راستوں پر سفر سے گریز کریں اور اپنی و اپنے پیاروں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ تمام افراد سے کہا گیا ہے کہ متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ تمام متعلقہ اداروں کو بروقت معلومات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ ممکنہ خطرات کے پیش نظر پیشگی اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔