بیرون ملک پاکستانی اب سفارتخانوں کے ذریعے جائیداد خرید و فروخت کر سکیں گے
پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کا "گرین سرٹیفکیٹ" سسٹم شفاف، محفوظ اور آسان لین دین کو یقینی بنائے گا۔
:سیالکوٹ،
پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (پی ایل آر اے) کے چیئرمین چوہدری طارق سبحانی نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے جائیداد کی خرید و فروخت کے مسائل کے مستقل حل کے لیے انقلابی اقدامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب اوورسیز پاکستانی اپنے متعلقہ ملک میں موجود پاکستانی سفارتخانوں کے ذریعے جائیداد خرید و فروخت کر سکیں گے۔ اس سہولت کا آغاز لندن میں پاکستانی سفارتخانے سے کیا گیا ہے، جو جلد ہی ان ممالک تک پھیلائی جائے گی جہاں بڑی تعداد میں پاکستانی مقیم ہیں۔
چوہدری طارق سبحانی نے کہا کہ اس اقدام سے اوورسیز پاکستانیوں کو پاکستان آنے، طویل چھٹیاں لینے اور پٹواریوں کے چکر لگانے کی مشکل سے نجات ملے گی۔ پہلے زیادہ تر لوگوں کو پاور آف اٹارنی دینا پڑتی تھی جس کا غلط استعمال ہوتا اور ان کی جمع پونجی ضائع ہو جاتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ایل آر اے نے بین الاقوامی معیار کا سسٹم متعارف کرایا ہے جس میں ہر شخص کا اونرشپ آڈٹ ٹریل رکھا جائے گا۔ اس عمل میں نادرا کے ذریعے شہری اور زمین کی تصدیق کے بعد ایک "گرین سرٹیفکیٹ” جاری کیا جائے گا۔ اس سرٹیفکیٹ سے خریدار کو یقین حاصل ہوگا کہ جائیداد قانونی طور پر محفوظ ہے اور قبضہ یا شناخت جیسے مسائل سامنے نہیں آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ جائیدادیں بھی سسٹم میں لائی جا رہی ہیں جن کے نادرا ریکارڈز لنک نہیں ہیں اور تصدیق کے بعد انہیں بھی گرین سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔ یہ قدم جائیداد کی خرید و فروخت کے عمل کو شفاف، محفوظ اور آسان بنا رہا ہے۔
چیمبر آف کامرس کے صدر اکرام الحق نے چوہدری طارق سبحانی کو چیئرمین پی ایل آر اے بننے پر مبارکباد دی اور کہا کہ ان کی قیادت میں جائیداد کے لین دین کے مسائل ختم ہو جائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اب عام آدمی بھی بلا خوف و خطر جائیداد خرید و فروخت کر سکے گا اور کسی دھوکے کا شکار نہیں ہوگا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل فاروق اکمل نے کہا کہ حکومت گرین سرٹیفکیٹ کے ذریعے تسلی فراہم کرے گی، جس پر جیو ٹیگ بارکوڈ بھی موجود ہوگا اور اس سے زمین کی ویلیو میں اضافہ ہوگا۔
اس اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل فاروق اکمل، متعلقہ حکام اور بڑی تعداد میں چیمبر آف کامرس کے اراکین شریک ہوئے۔