پشاور،: خیبر پختونخوا کے محکمہ سیاحت نے صوبے کے مختلف اضلاع میں حالیہ شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے خدشات کے پیشِ نظر ایک احتیاطی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
محکمہ کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق جاری مون سون بارشوں کے باعث اچانک آنے والے سیلاب، ندی نالوں کے اُبلنے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات موجود ہیں۔ سیاحوں اور مسافروں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دریاؤں، ندی نالوں اور پہاڑی چشموں کے قریب قیام سے گریز کریں اور پانی کے بہاؤ سے کم از کم 20 فٹ دور رہیں۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ اس موسم میں نہانے سے پرہیز کیا جائے جبکہ گاڑی چلانے والے حضرات سیلابی ریلوں کے قریب جانے یا انہیں عبور کرنے کی کوشش نہ کریں۔ عوام کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ دریاؤں اور نالوں میں کچرا نہ پھینکیں۔
شمالی علاقہ جات کا سفر کرنے والے سیاحوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ روانگی سے قبل راستوں اور سڑکوں کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کریں۔ سفر کے دوران لازمی اشیاء جیسے پینے کا پانی، خشک خوراک، ٹارچ اور فرسٹ ایڈ کٹ ہمراہ رکھیں۔
محکمہ سیاحت نے کہا ہے کہ عوام موسمی پیشن گوئی سے باخبر رہیں اور محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی ہدایات پر عمل کریں۔