پاکستان ہاکی کی بحالی کے لیے بڑا فیصلہ , پی ایچ ایف اور کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کا مشترکہ عزم
قومی کھیل کو دوبارہ عروج دلانے کے لیے سندھ اور فیڈریشن کا عملی تعاون، نوجوان کھلاڑیوں کو جدید سہولیات فراہم کرنے پر اتفاق
اسلام آباد (سید محمد یاسین ہاشمی) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق بگٹی اور کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ اظہار الحسن کے درمیان پی ایچ ایف آفس اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں قومی کھیل ہاکی کی بحالی، سندھ میں کھیل کے فروغ، نچلی سطح پر ٹیلنٹ کی تلاش اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے عملی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر پی ایچ ایف میر طارق بگٹی نے اس موقع پر کہا کہ صوبائی ایسوسی ایشنز پاکستان ہاکی کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ فیڈریشن کی اولین ترجیح نوجوان کھلاڑیوں کو جدید سہولیات اور بہتر پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے تاکہ وہ عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کرسکیں۔
کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ اظہار الحسن نے فیڈریشن کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کراچی ہاکی ٹیلنٹ کا گہوارہ ہے۔ اگر کھلاڑیوں کو سہولیات اور مسلسل مقابلوں کے مواقع فراہم کیے جائیں تو ہاکی دوبارہ اپنے سنہری دور میں داخل ہوسکتی ہے۔
ملاقات میں مشترکہ ٹریننگ کیمپ، مقامی و قومی ٹورنامنٹس اور گراس روٹ لیول پر ہاکی کے فروغ کے لیے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی کھیل کی بحالی کے لیے فیڈریشن اور کراچی ایسوسی ایشن مل کر مربوط حکمت عملی اختیار کریں گی۔ آخر میں صدر پی ایچ ایف نے خواجہ اظہار الحسن کو یادگاری سونئیر پیش کیا۔