غزہ: اسرائیلی فوج نے غزہ میں بڑے زمینی آپریشن کی تیاری تیز کرتے ہوئے سرحدی علاقوں میں تازہ کمک پہنچا دی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق سرحدوں پر فوجیوں اور ٹینکوں کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ سکیورٹی کابینہ کا اہم اجلاس آج طلب کیا گیا ہے جس میں نئے فوجی آپریشن کی منظوری دیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب غزہ پر اسرائیلی فضائی حملے مسلسل جاری ہیں۔ تازہ کارروائیوں میں مزید 64 فلسطینی شہید ہو گئے جن میں امداد کے منتظر 13 شہری بھی شامل ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اب تک شہدا کی مجموعی تعداد 62 ہزار 819 تک جا پہنچی ہے جبکہ ایک لاکھ 58 ہزار 629 افراد زخمی ہیں۔ وزارت صحت کا کہنا ہے کہ غزہ میں قحط اور خوراک کی شدید قلت بدستور جاری ہے۔ بھوک کے باعث مزید 3 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد خوراک نہ ملنے سے ہونے والی اموات کی تعداد 303 ہو گئی ہے۔