نیویارک پولیس مسلم آفیسرز سوسائٹی کا 17واں سالانہ اسکالرشپ اور ایوارڈز ڈنر شاندار انداز میں منعقد

میئر ایرک ایڈمز اور پولیس کمشنر جیسیکا ٹش کی خصوصی شرکت، پاکستانی نژاد کیپٹن ضیغم عباس سمیت مسلم افسران کی خدمات کو بھرپور خراج تحسین

0

نیویارک: نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کی مسلم آفیسرز سوسائٹی کا 17واں سالانہ اسکالرشپ اور ایوارڈز ڈنر پروقار انداز میں منعقد ہوا، جس میں نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز مہمانِ خصوصی اور پولیس کمشنر جیسیکا ٹش خصوصی طور پر شریک ہوئیں۔ تقریب میں مسلم آفیسرز، ان کے اہل خانہ، پاکستانی امریکنز، مسلم کمیونٹی اور دیگر کمیونٹیز کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

سوسائٹی کے صدر ڈپٹی انسپکٹر وحید اختر کی قیادت میں منعقدہ اس تقریب میں کامیاب انتظامات کو خوب سراہا گیا۔ تقریب میں سابق صدر مسلم آفیسرز سوسائٹی اور نیویارک پولیس کے پہلے پاکستانی انسپکٹر عدیل رانا، اور جیکسن ہائٹس پرسیل کے پہلے پاکستانی کیپٹن ضیغم عباس بھی شریک ہوئے جنہوں نے انتظامی امور میں بھرپور کردار ادا کیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور امریکی قومی ترانے سے ہوا۔

کیپٹن ضیغم عباس، جو لاہور سے تعلق رکھتے ہیں اور جیکسن ہائٹس کی تاریخ میں پہلے پاکستانی کیپٹن ہیں، نے خطاب میں کہا کہ اس طرح کے ایونٹس کمیونٹی کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کے لیے نہایت اہم ہیں اور ان کا انعقاد مستقل ہونا چاہیے۔

میئر ایرک ایڈمز نے مسلم آفیسرز کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا جب یہ سوسائٹی خاموشی سے کام کرتی تھی لیکن آج یہ ایک بڑی اور مؤثر تنظیم بن چکی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کے دور میں نیویارک پولیس میں مسلم افسران کو سب سے زیادہ ترقیاں دی گئیں۔ پولیس کمشنر جیسیکا ٹش نے بھی مسلم آفیسرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے عقیدے اور ثقافت کو برقرار رکھتے ہوئے شہر کی خدمت میں مصروف ہیں۔

ڈپٹی انسپکٹر وحید اختر نے بتایا کہ 2008 میں باضابطہ طور پر تسلیم کیے جانے کے بعد سوسائٹی کا دائرہ وسیع تر ہوا اور مسلم افسران نے رینکس میں نمایاں ترقی حاصل کی۔ تقریب میں پولیس کمشنر جیسیکا ٹش کو "ویمن آف دی ایئر” ایوارڈ دیا گیا جبکہ قرعہ اندازی کے ذریعے عمرے کے دو ٹکٹ بھی دیے گئے۔ شرکا کے لیے پرتکلف عشائیے کا بھی اہتمام کیا گیا جس نے تقریب کو مزید یادگار بنا دیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.