چار روزہ حنیف محمد ٹرافی کا آغاز، دو ٹیمیں قائداعظم ٹرافی میں جگہ بنائیں گی

ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان اور کراچی میں دلچسپ مقابلے؛ 12 ریجنل ٹیموں میں ٹاپ پوزیشن کی دوڑ

0

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے تحت چار روزہ حنیف محمد ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ آج سے شروع ہو رہا ہے، نان فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کی دو ٹاپ ٹیمیں قائد اعظم ٹرافی میں جگہ بنائیں گی۔

ایونٹ میں کراچی کی دو ٹیمیں شریک ہیں، 12 ریجنل ٹیموں پر مشتمل ایونٹ کے پول اے میں میچز تین مقامات بہاولپور، ملتان اور رحیم یار خان میں کھیلے جائیں گے جبکہ پول بی کے تمام میچز کراچی میں منعقد ہوں گے۔

ہر پول میں راؤنڈ رابن لیگ کی بنیاد پر 5 میچز کھیلے جائیں گے، ٹورنامنٹ کی ٹاپ دو ٹیمیں قائداعظم ٹرافی کیلئے کوالیفائی کریں گی۔

پول اے کے پہلے راؤنڈ میں 29 اگست تا یکم ستمبر فیصل آباد ریجن کا لاہور بلوز سے ملتان سٹیڈیم، حیدرآباد کا کراچی وائٹس سے عباسیہ سپورٹس کمپلیکس رحیم یار خان اور کوئٹہ کا آزاد جموں و کشمیر سے ڈرنگ سٹیڈیم بہاولپور پر مقابلہ ہوگا۔

پول بی میں راولپنڈی کا فاٹا سے نیشنل بنک سٹیڈیم، کراچی بلوز کا ملتان سے سٹیٹ بینک سپورٹس کمپلیکس اور ڈیرہ مراد جمالی کا لاڑکانہ سے یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس پر ٹکراؤ ہو گا۔

پانچواں اور آخری راؤنڈ 22 تا 25 ستمبر کھیلا جائے گا، مجموعی طور پر 28 دن تک 5 راؤنڈز میں 30 میچز کھیلے جائیں گے، ہر راؤنڈ 6 میچز پر مشتمل ہو گا اور ہر ٹیم 5 میچز کھیلے گی، ہر پول کی سرفہرست ٹیم پریمیئر فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی میں جگہ بنائے گی۔

دریں اثنا کراچی میں پول بی کے میچز میں شریک ٹیموں نے جمعرات کو عملی مشقیں کیں، تاہم گزشتہ دنوں ہونے والی بارشوں کے سبب گراؤنڈز مکمل طور پر خشک نہ ہونے کے سبب کھلاریوں کو قدرے مشکلات رہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.