پاکستان سے پولیو کے خاتمے کیلئے پارلیمانی کاکس کی حکمتِ عملی تیار

قومی یکجہتی، قانون سازی، اسکول و کمیونٹی مہمات اور فنڈنگ پر زور , اراکینِ پارلیمانی کاکس کا عزم،"

0

اسلام آباد،پارلیمانی کاکس برائے حقوقِ طفل (PCCR) کا اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں پاکستان سے پولیو کے خاتمے کی کوششوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔ یہ اجلاس دسمبر 2024 میں ہونے والی 18ویں اسپیکرز کانفرنس کے فیصلوں کے تحت بلایا گیا تھا۔

اجلاس میں شریک اراکین نے اس بات پر زور دیا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ایک جامع اور متحد حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہے۔ شرکاء نے طویل مشاورت کے بعد سفارشات پیش کیں جن میں ادارہ جاتی ڈھانچوں کو مضبوط بنانے کے لیے قانون سازی اور پالیسی اصلاحات، صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے لیے ایک بین الصوبائی پارلیمانی ٹاسک فورس کا قیام، اسکولوں میں آگاہی اور ویکسینیشن مہمات کے آغاز، کمیونٹی کی شمولیت اور آگاہی بڑھانے کے اقدامات اور انسدادِ پولیو مہمات کے لیے پائیدار فنڈنگ کو یقینی بنانے پر زور شامل تھا۔

اراکین نے واضح کیا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے یہ اقدامات نہ صرف فوری طور پر مؤثر ثابت ہوں گے بلکہ طویل مدتی بنیادوں پر بھی ملک میں صحت عامہ کے ڈھانچے کو بہتر بنائیں گے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ اس اہم عوامی صحت کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں گے۔

اجلاس میں PCCR کی کنوینر ڈاکٹر نکھت شکیل خان، سیکرٹری ویمنز پارلیمانی کاکس ڈاکٹر شاہدہ رحمانی، خزانچی شاہدہ بیگم کے علاوہ اراکین قومی اسمبلی سیدہ شہلا رضا، رانا انصر، صوفیہ سعید شاہ، شاہین، زینب محمود بلوچ اور کرن حیدر نے بھی شرکت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.