میڈیا کا فیصلہ کن کردار: پاکستان کی پہلی قومی ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کی کامیابی کا انحصار آگاہی پر

ایچ پی وی ویکسین خواتین کی جانیں بچانے اور معاشرے کو محفوظ بنانے میں سنگِ میل ثابت ہوگی صحافیوں کا عزم، ماہرین کی اپیل

0

اسلام آباد: ڈوپاسی فاؤنڈیشن نے اسلام آباد میں ایک میڈیا راؤنڈ ٹیبل کا انعقاد کیا جس میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے سینئر صحافیوں کو پاکستان کی پہلی قومی ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کے بارے میں آگاہی دینے کے لیے مدعو کیا گیا۔ اس اجلاس میں سرکاری و نجی شعبوں کی نمایاں شخصیات شریک ہوئیں اور میڈیا کے اس اہم کردار کو اجاگر کیا گیا کہ وہ کس طرح عوامی شعور بیدار کرنے اور غلط فہمیوں کو دور کرنے میں فیصلہ کن کردار ادا کر سکتا ہے۔

اس موقع پر شرکاء کو ایچ پی وی ویکسین کے فوائد، اس کی صحت عامہ میں اہمیت اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے اصولوں سے آگاہ کیا گیا۔ مقررین نے زور دیا کہ ویکسین سے متعلق پھیلائی جانے والی غلط معلومات کا خاتمہ اور اس کے محفوظ و جان بچانے والے اثرات کو اجاگر کرنا میڈیا کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

ڈیولپمنٹ جرنلسٹ ہما خاور نے کہا، “ایچ پی وی ویکسین کے حوالے سے غلط فہمیوں کو دور کرنے میں صحافتی برادری کی آواز انتہائی طاقتور ہے۔ پاکستان میں 7 کروڑ 30 لاکھ سے زائد خواتین سروائیکل کینسر کے خطرے سے دوچار ہیں، اس لیے درست بیانیہ تشکیل دینا میڈیا کی اہم ذمہ داری ہے۔”

ڈاکٹر روزینہ خالد، ایچ پی وی ویکسین کنسلٹنٹ ڈبلیو ایچ او نے کہا، “یہ ویکسین برسوں کی سائنسی تحقیق اور عالمی تعاون کا نتیجہ ہے۔ پاکستان کا اسے معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات کے پروگرام میں شامل کرنا مستقبل کی نسلوں کی صحت کے تحفظ کے لیے ایک سنگ میل ہے۔”

سوسائٹی آف آبسٹیٹریشنز اینڈ گائناکالوجسٹس آف پاکستان (SOGP) کی ڈاکٹر سائمہ زبیر نے کہا، “قائداعظم نے فرمایا تھا کہ کوئی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی جب تک خواتین مردوں کے شانہ بشانہ نہ کھڑی ہوں۔ خواتین کی صحت یقینی بنانا نہ صرف ان کا حق ہے بلکہ قومی ترقی کے لیے بھی ناگزیر ہے۔ پاکستان میں خواتین میں سروائیکل کینسر دوسرا سب سے عام مرض ہے، اس وقت ایچ پی وی ویکسین کی شمولیت وقت کی اہم ضرورت ہے۔”

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد ڈاکٹر سیدہ رشیدہ بتول نے کہا کہ، “آج کا یہ اجلاس صحافیوں کو ساتھ ملانے کی ایک بہترین کوشش ہے۔ کمیونٹیز تک پیغام پہنچانے اور مہم کو کامیاب بنانے میں میڈیا کی شمولیت اہم ہوگی۔”

ڈوپاسی فاؤنڈیشن کی سی ای او کنز الایمان نے اپنے پیغام میں کہا، “سول سوسائٹی کو اس مہم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ کمیونٹی سطح پر آگاہی، خاندانوں کی شمولیت اور اعتماد سازی کے بغیر یہ مہم اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکے گی۔”

میڈیا نمائندگان نے اس اجلاس کو “بر وقت اور بصیرت افروز” قرار دیا اور مہم کی ذمہ دارانہ کوریج کے عزم کا اظہار کیا۔

پاکستان 150 واں ملک بننے جا رہا ہے جو ایچ پی وی ویکسین کو قومی سطح پر متعارف کروائے گا۔ یہ ویکسینیشن مہم 15 سے 27 ستمبر 2025 تک سندھ، پنجاب، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد میں 9 سے 14 سال کی بچیوں کو لگائی جائے گی اور بعد ازاں اسے حفاظتی ٹیکہ جات کے معمول کے پروگرام کا حصہ بنا دیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.