اسلام آباد میں غیر قانونی پارکنگ کے خلاف ٹریفک پولیس کا بڑا کریک ڈاؤن
سڑکوں سے متعدد گاڑیاں ہٹا دی گئیں، شورومز کو سخت وارننگ, زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد شروع۔
رپورٹ سید محمد یاسین ہاشمی
اسلام آباد ٹریفک پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی پارکنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے خود اس آپریشن کی نگرانی کی اور موقع پر موجود رہ کر ہدایات جاری کیں۔
ترجمان کے مطابق کارروائی سیکٹر جی نائن اور جی ایٹ کے شورومز کے خلاف کی گئی، جہاں غیر قانونی طور پر سڑکوں کے کنارے گاڑیاں پارک کی گئی تھیں۔ آپریشن کے دوران متعدد غیر قانونی پارک کی گئی گاڑیوں کو روڈ سے ہٹایا گیا جبکہ شورومز کے سامنے ٹریفک کی روانی میں حائل رکاوٹوں کو بھی دور کیا گیا۔
چیف ٹریفک آفیسر نے شورومز کی انتظامیہ اور مارکیٹ یونین کے نمائندوں سے ملاقات بھی کی اور انہیں واضح ہدایت دی کہ آئندہ کسی قسم کی غیر قانونی پارکنگ یا تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے غیر قانونی پارکنگ پر زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی ہے اور اس سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کی جائیں گی۔
سی ٹی او کا کہنا تھا کہ شہریوں کو تنگ کرنا مقصد نہیں بلکہ وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک اور پارکنگ کے نظام کو بہتر بنانا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ خریداری کے لئے آنے والے افراد اپنی گاڑیاں صرف مختص کردہ پارکنگ ایریاز میں ہی کھڑی کریں تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں کو سہولیات دینے کے لئے مزید بہتر اقدامات کئے جائیں گے اور پارکنگ کے حوالے سے درپیش مسائل کے حل کے لئے جامع حکمتِ عملی پر کام جاری ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ شہری ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ دارالحکومت کی شاہراہوں پر ٹریفک کا بہاؤ مسلسل رواں دواں رکھا جا سکے۔