بنوں میں دہشت گردوں کا بزدلانہ حملہ ناکام، پاک فوج کے 6 جوان شہید، 5 دہشت گرد ہلاک

0

راولپنڈی: ضلع بنوں میں 2 ستمبر کی صبح بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہ "فتنہ الخوارج” نے فیڈرل کانسٹیبلری ہیڈکوارٹر پر بزدلانہ حملہ کیا۔ حملے کے دوران پانچ دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ پاک فوج اور فیڈرل کانسٹیبلری کے چھ جوان جامِ شہادت نوش کر گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں نے ہیڈکوارٹر میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن پاک فوج کے مستعد اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کے عزائم کو ناکام بنا دیا۔ ناکامی کے بعد دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی عمارت کی حفاظتی دیوار سے ٹکرا دی، جس سے دیوار کا ایک حصہ منہدم ہوگیا اور قریبی شہری انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا، واقعے میں تین بے گناہ شہری زخمی بھی ہوئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج کے جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچوں دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے میں چھ جوان شہید ہوئے۔

فوجی ترجمان کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور اس بزدلانہ کارروائی میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے اور وطن عزیز کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں، جبکہ شہداء اور معصوم شہریوں کی قربانیاں اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.