پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی نے شعبہ فائن آرٹس (آرٹ اینڈ ڈیزائن) کے قیام کے ساتھ اپنی تعلیمی سرگرمیوں کو وسعت دینے کی طرف اہم قدم اٹھایا ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے فائن آرٹس ڈیپارٹمنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا اور جامع تعلیم اور ثقافتی ترقی میں فنونِ لطیفہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر ڈینز، ڈائریکٹرز، چیئرپرسنز، فیکلٹی ممبران اور طلباء کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فنکاروں نے ثقافتی اقدار کے اظہار، فطرت کے اثرات اور دیہی زندگی کو دستاویزی شکل دینے کے لیے زراعت کو بطور موضوع استعمال کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فنون لطیفہ زرعی ورثے کے تحفظ کے علاوہ ماحولیاتی اور دیگر مسائل کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ شعبہ فائن آرٹس کا قیام یونیورسٹی میں بین الضابطہ ترقی کے ایک نئے دور کی نشاندہی کرتا ہے، جس سے کیمپس کے ثقافتی اور علمی منظرنامے کو تقویت ملے گی۔
نئے قائم ہونے والے شعبہ کی چیئرپرسن ڈاکٹر انیلہ افضل نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فنون لطیفہ کی تعلیم طلباء کو تخلیقی انداز میں سوچنے اور اظہار کی نئی شکلیں تلاش کرنے کی ترغیب دیتی ہے۔ ہمارا 4 سالہ بیچلر آف فائن آرٹس پروگرام طلباء کو مختلف ثقافتوں، تاریخ اور عالمی نظریات کے بارے میں گہرائی اور مختلف زاویوں سے سوچنے کے ساتھ ساتھ فنکارانہ مضامین کی ایک وسیع رینج سے روشناس کرانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔