طلبہ و طالبات کے لیے کھیلوں کے فروغ کا جامع لائحہ عمل تیار
راولپنڈی بورڈ کی جانب سے سالانہ کھیلوں کے مقابلوں کے لیے نئے قوانین اور ضوابط، صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کی جانب عملی قدم۔
راولپنڈی تعلیمی بورڈ نے چیئرمین محمد عدنان خان کے وژن اور ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن پروفیسر محمد فہمید تلوکر کی زیر نگرانی سالانہ کھیلوں کے مقابلہ جات کے لیے جامع قوانین و ضوابط مرتب کر لیے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ و طالبات کو صحت مند سرگرمیوں میں شامل کرنا اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے۔
اس ضمن میں چار اجلاس منعقد کیے گئے جن میں مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاسوں میں انٹر کالجیٹ بوائز، انٹر کالجیٹ گرلز، انٹر ڈسٹرکٹ سکولز بوائز، انٹر ڈسٹرکٹ سکولز گرلز اور آل پاکستان انٹر بورڈ سپورٹس مقابلوں کے انعقاد پر تفصیلی غور کیا گیا۔ علاوہ ازیں انٹر بورڈ سپورٹس کمیٹی کے تحت مقابلوں کی تیاری پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔
بورڈ حکام کے مطابق یہ کھیلوں کے مقابلے نہ صرف طلبہ میں مثبت مقابلے کا رجحان پیدا کریں گے بلکہ انہیں قومی سطح پر نمائندگی کے مواقع بھی فراہم کریں گے۔ چیئرمین بورڈ محمد عدنان خان نے کہا کہ:
"راولپنڈی بورڈ کی یہ کاوش تعلیمی اور غیر نصابی سرگرمیوں کے فروغ کی جانب ایک اہم اور عملی قدم ہے۔”