یومِ دفاع پر آئی ایس پی آر کا جوش و جذبہ سے بھرپور نغمہ جاری
مسلح افواج کا شہداء کو سلام، قربانیوں کے عزم کی تجدید
راولپنڈی: مسلح افواج نے 60 ویں یومِ دفاع کے موقع پر شہداء اور ان کے خاندانوں کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عہد کا اعادہ کیا ہے کہ وطن کے دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، نیول اور ایئر چیفس نے شہداء اور ان کے اہل خانہ کو زبردست عقیدت پیش کی۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ 6 ستمبر 1965 پاکستانی قوم کے ناقابلِ شکست عزم اور اتحاد کی علامت ہے، جب ہمارے بہادر سپاہیوں نے ایک ایسے دشمن کو ناکام بنایا جو تعداد اور اسلحے میں کہیں زیادہ طاقتور تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شجاعت اور قربانی کے یہ لازوال کارنامے ہماری تاریخ کا روشن باب ہیں اور آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گے۔ قوم اپنے شہداء اور غازیوں کے خاندانوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے وطن کے دفاع کے لیے بے مثال قربانیاں دیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ مسلح افواج نہ صرف بیرونی جارحیت اور دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہیں بلکہ قدرتی آفات اور آزمائش کے وقت عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہتی ہیں۔ اس وقت بھی افواجِ پاکستان ملک بھر میں سیلاب متاثرین کی مدد میں مصروف ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ یومِ دفاع و شہداء انتہائی عاجزی اور انکساری کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور اس موقع پر ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ پاکستان کے امن و استحکام کے خلاف ہر سازش کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ بیان کے اختتام پر دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ امن، استحکام اور قوت عطا فرمائے۔