یومِ دفاع: 6 ستمبر، جرات و بہادری کی لازوال داستان
1965 کی جنگ میں پاک افواج نے دشمن کو ہر محاذ پر ناکام بنایا، چونڈہ بھارتی ٹینکوں کا قبرستان بن گیا
لاہور: 6 ستمبر پاکستان کی جرات، بہادری اور عزم کی روشن علامت ہے، ایک ایسا دن جو عسکری تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا گیا۔ 1965 میں بھارت نے رات کی تاریکی میں وطن عزیز پر حملہ کیا مگر سترہ روزہ جنگ میں افواج پاکستان نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دے کر اس کے غرور کو خاک میں ملا دیا۔
لاہور، سیالکوٹ اور قصور کے محاذوں پر دشمن کو ناکوں چنے چبوانے پر مجبور کیا گیا جبکہ چونڈہ کا میدان بھارتی ٹینکوں کا قبرستان بن گیا۔ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے شجاعت کے ناقابلِ فراموش کارنامے سر انجام دیے، جن میں ایم ایم عالم کا تاریخی کارنامہ آج بھی یادگار ہے۔
پاک بحریہ نے بھی سمندری محاذ پر بھرپور جوابی وار کرتے ہوئے دشمن کو پسپا کیا۔ وطن کی مٹی کے دفاع میں جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے اور تاریخ میں لازوال قربانیوں کی نئی داستان رقم کی۔