یومِ دفاع پر مزار قائد، مزار اقبال اور نیول ہیڈکوارٹرز میں پروقار تقریبات
پاک فضائیہ، پاک فوج اور پاک بحریہ نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا، دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دینے کا عزم
کراچی میں یومِ دفاع کے موقع پر مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں پاکستان ایئرفورس اکیڈمی اصغر خان کے دستے نے سلامی پیش کی اور فرائض سنبھالے۔ مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل شہریار خان نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاک فضائیہ دفاع وطن کے لیے ہر دم تیار ہے، اگلی بار سکور "0-60” ہوگا، دشمن کو ہر جارحیت پر منہ توڑ جواب دیں گے۔
لاہور میں مزارِ اقبال پر بھی گارڈز تبدیلی کی تقریب ہوئی، کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید فیاض حسین شاہ نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
ادھر اسلام آباد میں پاک بحریہ کے ہیڈکوارٹرز پر یادگار شہداء کی تقریب میں نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ملک بھر میں یوم شہداء و دفاع قومی جذبے سے منایا جا رہا ہے، دن کا آغاز توپوں کی سلامی اور مساجد میں خصوصی دعاؤں سے ہوا۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج قوم کے اعتماد پر ہمیشہ پوری اتری ہیں اور آئندہ بھی دشمن کو ہر محاذ پر ناکام بنائیں گی۔