یومِ دفاع پاکستان قوم کے عزم و حوصلے اور مسلح افواج کی بہادری کی علامت ہے: سفیر رضوان سعید شیخ

شکاگو میں تقاریب کے دوران پاکستانی سفیر نے ملک کی طاقت، امریکا کے ساتھ بڑھتی شراکت داری اور ڈائسپورا کے کردار کو اجاگر کیا۔

0

واشنگٹن : امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ یومِ دفاع پاکستان قوم کے عزم و حوصلے اور مسلح افواج کی بہادری کی علامت ہے، جس کی بنیاد آپریشن "بنیان المرصوص” کی لازوال روح ہے۔

شکاگو میں قونصل جنرل پاکستان طارق کریم کی جانب سے دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان کی اہم طاقتوں پر روشنی ڈالی جن میں اس کا اسٹریٹجک محلِ وقوع، وافر وسائل، نوجوان آبادی اور تیزی سے ترقی کرتا ہوا ٹیکنالوجی ایکو سسٹم شامل ہیں۔

یہ تقریب اہم کمیونٹی ارکان اور امریکی عہدیداروں کی شرکت سے منعقد ہوئی، جن میں کانگریس مین جوناتھن جیکسن اور شکاگو کی سٹی خزانچی میلیسا کونیئرز-اروِن شامل تھیں۔

سفیر نے پاکستان اور امریکا کے درمیان کثیرالجہتی تعلقات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان معیشت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کو دونوں ممالک کے درمیان پل قرار دیا اور انہیں پاکستان کی ترقی میں زیادہ سے زیادہ کردار ادا کرنے، سرمایہ کاری کرنے اور ملک کی مثبت تصویر اجاگر کرنے کی ترغیب دی۔ اس موقع پر انہوں نے قونصل جنرل طارق کریم کی خدمات کو بھی سراہا۔

اس سے قبل قونصل جنرل طارق کریم نے قونصلیٹ کی ترجیحات اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ امریکا کے مڈویسٹ خطے کے ساتھ پاکستان کے تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات میں اضافہ ہوا ہے۔

ایک علیحدہ تقریب میں، پاکستانی امریکن شکاگو چیمبر آف کامرس (PACCC) نے سفیر شیخ کے اعزاز میں بزنس راؤنڈ ٹیبل کا اہتمام کیا، جس میں مختلف شعبوں کے سرمایہ کاروں اور بزنس لیڈرز نے شرکت کی، جن میں ٹیکسٹائل، ٹیکنالوجی، توانائی، صحت اور وینچر کیپیٹل کے ماہرین شامل تھے۔

اس موقع پر سفیر نے کہا کہ امریکا پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے اور پاکستان آئندہ برسوں میں دو طرفہ تجارت کو مزید بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے پاکستان کے سرمایہ کاری کے ماحول، نوجوان ہنرمند افرادی قوت اور خطے میں اسٹریٹجک محلِ وقوع کو اجاگر کیا، جو اسے جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کے درمیان تجارتی مرکز بناتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.