پاک فضائیہ اور یو اے ای نیول فورسز کا دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ملاقات؛ مشترکہ تربیت، ٹیکنالوجی اپ گریڈیشن اور علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال۔

0

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یو اے ای نیول فورسز کے کمانڈر میجر جنرل حمید محمد عبداللہ الرمیتھی نے ایئر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔

ملاقات میں علاقائی سلامتی، مشترکہ تربیتی اقدامات اور دفاعی تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ایئر چیف مارشل نے جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ فضائیہ کے ویژن پر بریفنگ دی جبکہ سائبر، اسپیس، اے آئی اور الیکٹرانک وارفیئر میں اپ گریڈیشن پروگرامز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے دونوں ممالک کے گہرے مذہبی و تاریخی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے فوجی تعاون، بالخصوص تربیت اور مشترکہ آپریشنل مشقوں کے حوالے سے پاکستان کے عزم کو دہرایا۔

کمانڈر یو اے ای نیول فورسز نے پاک فضائیہ کی صلاحیتوں اور ٹیکنالوجی کی تعریف کرتے ہوئے مشترکہ مشقوں اور تربیتی تعاون میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای فضائیہ پاکستان میں تربیتی اقدامات میں شمولیت کے لیے پرجوش ہے، جو دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا سنگ میل ثابت ہوگا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ممالک کی افواج نے دفاعی اور فوجی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.