ایشیا کپ کرکٹ 2025 کل سے یو اے ای میں شروع، 8 ٹیموں کے درمیان ٹائٹل کی جنگ
پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں شامل، روایتی حریفوں کا بڑا ٹاکرا 14 ستمبر کو ہوگا، بھارت 8 بار کا چیمپئن جبکہ پاکستان اب تک 2 بار فاتح رہا
ایشیاکپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا 17 واں ایڈیشن کل سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہورہا ہے جس کیلئے ایونٹ میں شامل ٹیموں کی جانب سے بھرپور تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
ایشیاکپ 2025 میں 8 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ بھارت ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کرے گا۔یہ ٹورنامنٹ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلا جائے گا۔
ایشیا کپ کے گروپ اے میں پاکستان، بھارت، اومان اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلادیش، افغانستان اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں شامل ہیں۔
ایونٹ میں پاک بھارت ٹاکرا 14 ستمبر کو کھیلاجائے گا۔
ایشیا کپ سب سے زیادہ بار کس ملک نے جیتا، پاکستان کتنی بار فاتح رہا؟
1984 میں شروع ہونے والے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے اب تک 16 ایڈیشن کھیلے جاچکے ہیں۔
بھارت سب سے زیادہ ایشیا کپ جیتنے والا ملک ہے جس نے یہ ٹورنامنٹ 8 بار اپنے نام کیا ہے۔
بھارت نے ایشیا کپ 1984، 1988، 91-1990، 1995، 2010، 2016، 2018 اور 2023 میں جیتا۔
سری لنکا ایشیا کپ 6 بار اپنے نام کرچکا ہے۔اس نے یہ ٹورنامنٹ 1986، 1997، 2004، 2008، 2014، 2022 اپنے نام کیا۔
پاکستان ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ اب تک 2 بار جیت چکا ہے۔ گرین شرٹس نے پہلی بار ایشیا کپ سن 2000 میں اپنے نام کیا جس کے بعد 2012 میں دوسری بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔