بوٹی مافیا کا خاتمے کےلئے سرگرم : راولپنڈی بورڈ کی امتحانی مراکز پر اچانک کارروائیاں
“زیرو ٹالرینس پالیسی، سخت نگرانی، اور ایمانداری سے بھرپور امتحانی نظام – نقل نہیں، صرف محنت چلے گی!”
راولپنڈی:چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان 2025 کے تحت مختلف امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے سیکیورٹی، سی سی ٹی وی نگرانی، اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق امتحانات کے شفاف اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے فول پروف اقدامات کیے گئے ہیں۔چیئرمین نے بتایا کہ ”بوٹی مافیا” کے خلاف مؤثر کارروائیاں عمل میں لائی گئی ہیں، جس سے نقل کی روک تھام ممکن ہوئی ہے۔ امتحانات میں شفافیت، دیانت داری اور نظم و ضبط کو ہر سطح پر یقینی بنایا جا رہا ہے۔
کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج فار وویمن ٹیکسلا، گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول حسن ابدال، اور گورنمنٹ گرلزہائی سکول ٹیکسلا گورنمنٹ ایسوسییٹ کالج فار وومن اسٹیشن روڈ صدر راولپنڈی گورنمنٹ ایسوسییٹ کالج فار وومن گوالمنڈی راولپندی گورنمنٹ ڈینیز ہائر سیکنڈری سکول راولپنڈی گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار بوائز سیٹلائٹ ٹاؤن سینٹر اے سینٹر بی راولپنڈی کے امتحانی مراکز کا دورہ کیا، امتحانی عملے، سہولیات اور نظم و ضبط کا معائنہ کیا، اور انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ امتحانات زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت شفاف اور میرٹ پر مبنی ماحول میں جاری ہیں، جہاں کسی قسم کی بدعنوانی یا نقل کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بورڈ کا مقصد صرف امتحان لینا نہیں بلکہ طلبہ کے روشن مستقبل کو محفوظ بنانا ہے۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ بچوں کی اخلاقی تربیت پر توجہ دیں تاکہ ایک مہذب، تعلیم یافتہ معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔