چیف جسٹس نے سپریم کورٹ میں اوورسیز مقدمہ بازوں کے لیے سہولت سیل قائم کردیا
اوورسیز لٹیگنٹس فسیلیٹیشن سیل واٹس ایپ اور آن لائن پورٹل کے ذریعے فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائے گا
اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان نے اوورسیز مقدمہ بازوں کو انصاف تک بروقت اور آسان رسائی فراہم کرنے کے لیے اوورسیز لٹیگنٹس فسیلیٹیشن سیل (OLFC) قائم کردیا ہے۔ یہ سیل فوری طور پر سپریم کورٹ کے پرنسپل سیٹ پر قائم کیا گیا ہے اور چیف جسٹس کے پرنسپل اسٹاف آفیسر (PSO) اس کے انچارج ہوں گے۔
پریس ریلیز کے مطابق، اوورسیز مقدمہ باز اس سہولت سیل سے رابطہ قائم کرنے کے لیے واٹس ایپ نمبر (+92 326 4442444، صرف میسجز) یا سپریم کورٹ کی آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب آن لائن پورٹل کے ذریعے رابطہ کرسکتے ہیں۔
یہ سہولت درخواستوں اور پٹیشنز کی ڈیجیٹل جمع آوری، فوری سماعت کی درخواستوں کی پراسیسنگ، مقدمات کی تازہ ترین معلومات، اور عدالتی احکامات کی مصدقہ نقول الیکٹرانک طور پر فراہم کرنے میں مدد کرے گی۔ سیل تمام مقدمات کا ڈیجیٹل ریکارڈ بھی رکھے گا اور وقتاً فوقتاً چیف جسٹس کو رپورٹس پیش کرے گا۔
یہ سیل صرف ان مقدمات سے متعلق ہوگا جو سپریم کورٹ کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں اور دیگر عدالتوں کے کیسز پر لاگو نہیں ہوگا۔ اس سہولت سے بیرونِ ملک رہائش پذیر تمام مقدمہ باز، چاہے کسی بھی قومیت کے ہوں، جو سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا حق رکھتے ہیں، فائدہ اٹھا سکیں گے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ اقدام عدلیہ کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ انصاف تک رسائی فاصلوں سے متاثر نہ ہو اور اوورسیز پاکستانی اپنے حقوق کو سپریم کورٹ آف پاکستان میں مؤثر طریقے سے آگے بڑھا سکیں۔