یومِ بحریہ قومی جوش و جذبے سے منایا گیا، شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین
صدر، وزیرِاعظم اور نیول چیف کے خصوصی پیغامات , پاک بحریہ کی دفاعی صلاحیتوں، بلیو اکانومی میں کردار اور شہداء کی لازوال قربانیوں کو سراہا گیا
کراچی: 1965 کی جنگ میں پاک بحریہ کے تاریخی کردار کی یاد میں یومِ بحریہ قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا۔
یومِ بحریہ کے موقع پر خصوصی پیغام میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں غازیوں کا عزم ہماری قومی تاریخ کا سنہری باب ہیں۔ انہوں نے سمندری حدود کی سلامتی، خطے کے امن اور دفاعِ وطن میں پاک بحریہ کے کردار پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بھی اپنے خصوصی پیغام میں معرکۂ حق کے دوران پاک بحریہ کی کامیاب حکمت عملی کی تعریف کی اور دفاعی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ ملک میں بلیو اکانومی کے فروغ، بندرگاہوں کی تعمیر و ترقی اور فلاحی میدان میں پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔
چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے اپنے پیغام میں کہا کہ 08ستمبر کا دن ہماری تاریخ میں اُن سرفروشوں کے حوصلوں کا مظہر ہے جو سمندری محاذ پر ثابت قدم رہے اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعل راہ بنے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے عظیم ماضی کی بنیاد پر معرکہ حق کے دوران پاک بحریہ نے ثابت قدمی اور بھرپورجنگی تیاریوں کا مظاہرہ کیاجس نے دشمن کو کسی بھی کارروائی سے باز رکھا اور ملکی بحری سرحدوں کا دفاع ناقابلِ تسخیربنایا۔
یومِ بحریہ کا آغاز قرآن خوانی اور شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔ جبکہ دن بھر جاری رہنے والی تقریبات میں تقریری اور ملی نغموں کے مقابلے، میراتھن ، کشتی ریلی اور شہداء کے اہلِ خانہ سے ملاقات کا اہتمام شامل تھا۔
اسی مناسبت سے پی این ایس قاسم، منوڑہ کراچی میں بحری انسدادِ دہشت گردی کی شاندار مشق کا انعقاد کیا گیا۔ اس مشق میں مختلف آپریشنل منظر ناموں میں پاک بحریہ کی مکمل تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا گیا۔
تقریب میں اعلیٰ عسکری و سول حکام، شہداء کے اہلِ خانہ اور غازیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔