پاکستان میں پہلی بار ایچ پی وی ویکسینیشن مہم کا آغاز
یونیسف، ڈبلیو ایچ او اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے تعاون سے 12 روزہ مہم 15 سے 27 ستمبر تک پنجاب، سندھ، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں جاری رہے گی
راولپنڈی:خواتین میں سرویکل کینسر سے بچاؤ کی "ایچ پی وی ویکسینیشن مہم” کے پہلے مرحلے کا آغاز 15 ستمبر کو ہوگا یونیسف ، ڈبلیو ایچ او، ای پی آئی اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے اشتراک سے پنجاب، سندھ، اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں شروع ہونے والی یہ مہم 27 ستمبر تک جاری رہے گی 12 روزہ مہم 9 سے 14 سال عمر کی 80 لاکھ بچیوں کو سرویکل کینسر سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جائے گی مہم کے تحت راولپنڈی میں ہر یونین کونسل کو 12 بلاک میں تقسیم کیا جائے گا اور ان بلاکس کے تمام سکولوں اور مدارس میں زیر تعلیم بچیوں کے علاوہ سکول نہ جانے والی بچیوں کو ان کے گھروں میں ویکسین لگائی جائے گی ان خیالات کا اظہار یونیسف کے پنجاب میں معاشرتی رویوں میں تبدیلی (Social & Behavioral Change Officer) کے انچارج حبیب اصغر، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے ڈویژنل افسر ڈاکٹر محمد آصف شہزاد اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی کے فوکل پرسن ڈاکٹر جواد نے خواتین میں سرویکل (Cervical) کینسر (بچہ یا رحم کے کینسر) سے متعلق میڈیا آگاہی ورکشاپ کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ خواتین میں چھاتی کے کینسر کے بعد یہ دوسرا بڑا کینسر ہے انسانی پیپیلوما وائرس” (Human Papilloma Virus) نامی مخصوص وائرس کے ذریعے پھیلنے والے اس کینسر کے مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ایچ پی وی وائرس جنسی تعلقات سے منتقل ہونے والا وائرس ہے جو جنسی اعضاء پر مسوں کا سبب بنتا ہے اس کینسر سےصرف پاکستان میں سال 2023 میں 4700 مریضوں میں سے 3 ہزار کی موت واقع ہوچکی ہے جبکہ بڑی تعداد میں کیس رپورٹ ہی نہیں ہوتے اور دنیا بھر میں یومیہ 11 خواتین اس ایچ پی وی وائرس سے پیدا ہونے والے کینسر سے وفات پا جاتی ہیں تاہم یہ کینسر کی واحد قسم ہے جس کی ویکسین دستیاب ہے چونکہ 15 سال کی عمر کے بعد بچیوں میں اس کینسر کے خطرات بڑھ جاتے ہیں اس لئے 9 سے 14 سال کی بچیوں کو یہ حفاظتی ویکسین لگائی جاتی ہے انہوں نے کہا کہ دنیا کے 40 سے زائد ممالک میں اس ویکسین کو معمول کے حفاظتی ٹیکوں کے کورس میں شامل کرلیا گیا ہے اور بہت جلد پاکستان میں بھی اسے حفاظتی ٹیکوں کے کورس کا لازمی حصہ بنا دیا جائے گا اس طرح 9 سال کی عمر میں پہنچنے والی ہر بچی کو یہ ویکسین لگائی جائے گی انہوں نے کہا سرویکل کینسر کی عمومی علامات میں بچہ دانی سے غیر معمولی خون کا آنا، جنسی اعضاء پر مہاسوں (Genital Warts) کا بننا اور پیٹ کے نچلے حصے میں درد کا ہونا شامل ہیں ایسی علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر کسی مستند ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے انہوں نے کہا کہ سرویکل کینسر پاکستان میں صحت کا ایک سنگین مسئلہ ہے پاکستان میں یہ خواتین میں پایا جانے والا تیسرا سب سے عام اور 15 سے 44 سال کی عمر کی خواتین میں دوسرا سب سے عام کینسر ہے۔