سرویکل کینسر مہم: حکومت کے نتائج پر اصرار، والدین کے خدشات برقرار

محکمہ تعلیم کے نوٹیفکیشن کے بعد طالبات کی غیر حاضری میں اضافہ,مہم کی کامیابی والدین کے اعتماد سے مشروط، ماہرین کی رائے

0

سروائکل کینسر سے بچاؤ کی قومی مہم (15 تا 27 ستمبر 2025) میں نجی تعلیمی اداروں کو دوہرے دباؤ کا سامنا ہے۔ حکومت 100% نتائج چاہتی ہے جبکہ والدین اپنی بچیوں کو ویکسین نہ لگوانے پر بضد ہیں۔ڈاکٹر محمد افضل بابر

مہم کی کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ ویکسین سے متعلق والدین کے خدشات کو دور کیا جائے اور حکومت پنجاب کی طرح ویکسین کو والدین کی اجازت سے مشروط کیا جائے۔مقبول حسین ڈار

محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے نتیجے میں طالبات بڑی تعداد میں اسکول سے غیر حاضر ہونے لگی ہیں۔
مہم کے دوران طبی و انتظامی عملے کی جانب سے کسی بھی قسم کی ہراسمنٹ کو ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔چوہدری محمد ارشد

اسلام آباد :نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کے حل کے لئے پرائیویٹ سکولز نیٹ ورک کورکمیٹی بانی و مرکزی صدر ڈاکٹر محمد افضل بابر ، مرکزی جنرل سیکرٹری مقبول حسین ڈار ،چئیرمین اسلام آباد بورڈ آف ایجوکیشن چوہدری محمد ارشد، حاجی عبدالندیم مغل ودیگر نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ سروائکل کینسر سے بچاؤ کی قومی مہم (15 تا 27 ستمبر 2025) کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں تاہم اسکی کامیابی اور مطلوبہ نتائج کا حصول والدین کی رضامندی سے مشروط ہے۔ نجی تعلیمی اداروں کو دوہرے دباؤ کا سامنا ہے۔ ایک طرف محکمہء تعلیم اور صحت ہم سے 100% نتائج کے خواہاں ہیں اور اس کے لیئے اسکولز کو ہراساں تک کرنے سے گریز نہیں کیا جا رہا دوسری جانب سوشل میڈیا پر جاری منفی پروپیکنڈہ کا شکار ہو کر والدین کی بڑی تعداد کسی صورت اپنی بچیوں کو ویکسین کروانے کے لیئے تیار نہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ایس این سے وابستہ تمام اسکولز قومی مہم میں بھرپور تعاون کریں گے اور آگاہی مہم کے ذریعے زیادہ سے زیادہ بچیوں کے والدین کو ویکسین کروانے پر آمادہ کریں گے۔ ایسی طالبات جن کے والدین اسکول کو تحریری طور پر منع کر دیں انہیں ویکسین نہیں کروایا جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری والدین پر ہوگی۔ اسکولز ایسے والدین کی تفصیل محکمہء صحت کے اہلکاروں کو فراہم کریں گے۔
بیان میں وزارت تعلیم سے حکومت پنجاب کی طرح ویکسین کو والدین کی اجازت سے مشروط کرنے کی ہدایات جاری کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ مہم کے دوران طبی و انتظامی عملے کی جانب سے کسی بھی قسم کی ہراسمنٹ کو ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.