راولپنڈی میں ڈینگی کے کیسز تیزی سے رپورٹ ہو رہے ہیں اور ضلعی محکمۂ صحت کی تازہ رپورٹ کے مطابق 18 ستمبر 2025 تک مجموعی طور پر 8041 افراد کو ڈینگی کے شبہ میں چیک کیا گیا جن میں سے 394 کیسز کنفرم پائے گئے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 20 نئے مریض سامنے آئے جبکہ اس وقت 81 مریض مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں، ان میں 38 کنفرم مریض شامل ہیں۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ تاحال کسی موت کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ویٹر سرویلنس کے اعداد و شمار کے مطابق ضلع بھر میں 1380 ٹیمیں سرگرم عمل ہیں جنہوں نے اب تک 49 لاکھ 82 ہزار سے زائد گھروں کا معائنہ کیا ہے۔ ان میں ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد گھروں میں ڈینگی لاروا برآمد ہوا جبکہ 13 لاکھ سے زیادہ مقامات چیک کیے گئے جن میں 17 ہزار 862 مقامات پر لاروا موجود پایا گیا۔ مجموعی طور پر ایک لاکھ 48 ہزار سے زائد لاروا پوائنٹس دریافت کیے گئے ہیں جو صورتحال کی سنگینی کو ظاہر کرتے ہیں۔
ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر انتظامیہ نے سخت کارروائیاں کی ہیں۔ اب تک 3894 ایف آئی آرز درج کی گئیں، 1722 مقامات کو سیل کیا گیا، 3304 چالان جاری کیے گئے اور 97 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نئے کیسز زیادہ تر رحمت آباد، کوٹھا کلاں اورارد گرد کے علاقوں سے سامنے آئے ہیں جبکہ دھوکہ حسو شمالی کلیال، فوجی کالونی، تخت پڑی، پنڈورا، شکریال شمالی، سیٹلائٹ ٹاؤن ڈی بلاک، امام باڑہ اور گرّجا کے علاقے بھی متاثرہ مقامات میں شامل ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں، مگر لاروا کی بڑی تعداد اور کیسز میں مسلسل اضافہ اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ شہری اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو مؤثر طور پر روکا جا سکے۔
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.