کم آمدنی والے نجی تعلیمی ادارے قومی تعلیمی ترقی میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں، ڈاکٹر محمد افضل بابر

پرائیویٹ اسکولز نیٹ ورک 26 سالوں سے معیاری تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کر رہا ہے—ترنول زون کے انتخابات میں امتیاز علی خان صدر اور شفیق احمد جنرل سیکرٹری منتخب

0

اسلام آباد : پرائیویٹ اسکولز نیٹ ورک (PSN) کے بانی و مرکزی صدر ڈاکٹر محمد افضل بابر نے کہا ہے کہ کم آمدنی والے نجی تعلیمی ادارے اپنی مدد آپ کے تحت قومی تعلیمی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شرح خواندگی کے اہداف کا حصول کسی بھی حکومت کے لیے اکیلے ممکن نہیں، اس مشن میں نجی تعلیمی اداروں کا کردار انتہائی اہم ہے۔

وہ ترنول زون کے انتخابات کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ڈاکٹر محمد افضل بابر نے کہا کہ پی ایس این گزشتہ 26 برسوں سے نہ صرف نئی نسل کو معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے بلکہ ہزاروں نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مواقع بھی مہیا کر رہا ہے۔

تقریب میں ترنول زون کے نئے عہدیداران کا انتخاب عمل میں آیا، جس میں امتیاز علی خان صدر اور شفیق احمد جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے۔ دیگر منتخب عہدیداران میں میڈم سونیا فراز اور راحیل یوسف (سینئر نائب صدر)، زاہد محمود (نائب صدر)، محمد راشد (رابطہ سیکرٹری)، ثناء اللہ (انفارمیشن سیکرٹری)، محمد عتیق (فنانس سیکرٹری)، شریف محمد نزابت (کوارڈینیٹر نون شریف)، اور محمد صدیق (کوارڈینیٹر جھنگی سیداں) شامل ہیں۔

انتخابات کی نگرانی کے فرائض مرکزی جنرل سیکرٹری مقبول حسین ڈار نے انجام دیے۔ ڈاکٹر افضل بابر نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اتحاد اور اتفاق ہی ترقی کی پہلی سیڑھی ہے، اور اب یہ ٹیم اپنے ایجنڈے کو مزید تقویت دے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.