پنجاب کی ترقی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، عوام کے حق کے خلاف بات کرنے والوں کو جواب دوں گی: مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب کا فیصل آباد میں والہانہ استقبال، 150 الیکٹرک بسوں کا تحفہ,کہا عوام کا حق میرا عہد ہے، تنقید برداشت لیکن پنجاب کے خلاف سازش ہرگز نہیں۔

0

فیصل آباد آمد پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شاندار استقبال کیا گیا، جہاں مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ مریم نواز نے عوام کے جوش و خروش اور محبت کو ناقابلِ فراموش قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد کے عوام کا جذبہ ہی ترقی کی سب سے بڑی قوت ہے اور یہ شہر دوبارہ مسلم لیگ (ن) کا گڑھ بنتا جا رہا ہے۔

الیکٹرک بسیں لانچ کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہاں موجود لیگی رہنما مشکل وقت میں نواز شریف کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بنے رہے۔ انہوں نے رانا ثناء اللہ کے حوالے سے کہا کہ "اگر میں نواز شریف کے ساتھ سو فیصد کھڑا تھا تو آج ہزار فیصد کھڑا ہوں۔”

مریم نواز نے بغیر نام لیے پیپلزپارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "کہا جاتا ہے کہ میری تصاویر ہر جگہ نظر آتی ہیں، جب کام ہوگا تو تصویر تو آئے گی۔ مجھ پر تنقید برداشت ہے لیکن پنجاب کے خلاف بات کی گئی تو مریم نواز گھر تک پہنچا کر جواب دے گی۔”

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام نے ان پر بھروسہ کیا ہے اور یہ ذمہ داری اللہ تعالیٰ اور عوام کی طرف سے ہے۔ "اگر میں عوام کے حق کے لیے خون کا آخری قطرہ بھی بہا دوں تو یہ کم ہوگا۔”

فیصل آباد کے عوام کو بڑی خوشخبری دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ "آج میں ڈیڑھ سو الیکٹرک بسیں عوام کے لیے لے کر آئی ہوں، جن میں فیصل آباد کو 90، جھنگ کو 30، چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کو 15، 15 بسیں دی جا رہی ہیں۔ یہ فیصل آباد کی پہلی سستی اور پبلک ٹرانسپورٹ ہے۔”

Leave A Reply

Your email address will not be published.