راولپنڈی میں ڈینگی کیسز کی تعداد 639 تک پہنچ گئی، ویکٹر سرویلنس اور قانونی کارروائیوں میں تیزی
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 16 مریض سامنے آئے، 59 مریض اسپتالوں میں زیر علاج، 4 ہزار سے زائد ایف آئی آرز درج
راولپنڈی : ضلع راولپنڈی میں ڈینگی کے کیسز میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری حالیہ اعدادوشمار کے مطابق رواں سال اب تک 10 ہزار 541 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں 639 کیسز کنفرم ہوئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 16 نئے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس وقت 59 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ کسی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی۔
ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بڑے پیمانے پر ویکٹر سرویلنس مہم بھی جاری ہے۔ محکمہ صحت کی ٹیموں نے یکم جنوری سے 29 ستمبر تک 53 لاکھ سے زائد گھروں کی چیکنگ کی جن میں سے 1 لاکھ 57 ہزار سے زائد گھر مثبت نکلے۔ اسی طرح 14 لاکھ سے زائد مختلف مقامات کی چیکنگ میں 21 ہزار سے زائد مثبت مقامات پائے گئے اور مجموعی طور پر 1 لاکھ 78 ہزار 35 لاروا برآمد ہوا۔
ڈینگی قوانین پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی بھی جاری ہے۔ اب تک 4 ہزار 225 ایف آئی آرز درج کی جا چکی ہیں، 1799 مقامات سیل کیے گئے، 3396 چالان ہوئے اور ایک کروڑ 5 لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے۔
محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ روز رپورٹ ہونے والے نئے کیسز دولتالہ، خیابان شمالی، چاہ سلطان، وارڈ 8 واہ کینٹ، قیوم آباد، کوٹھا کلاں، سیٹلائٹ ٹاؤن، دھمیال اور دیگر علاقوں سے سامنے آئے ہیں۔
ماہرین صحت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ گھروں اور گلیوں میں پانی کھڑا نہ ہونے دیں، کولر، ٹینکی اور پرانے برتنوں کو صاف رکھیں اور محکمہ صحت کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ ڈینگی کو مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔