امتحانات میں شفافیت اولین ترجیح، بوٹی مافیا کے عزائم خاک میں ملانے کا عزم
چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان اور کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان کے امتحانی مراکز کے ہنگامی دورے، زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد
راولپنڈی (سید محمد یاسین ہاشمی )
چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی محمد عدنان خان نے فتح جنگ ضلع اٹک جبکہ کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے راولپنڈی کے مختلف امتحانی مراکز کے ہنگامی دورے کیے۔
امتحان میٹرک دوسرا سالانہ 2025 کو وزیرِ اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کے ویژن، صوبائی وزیر تعلیم ہائر ایجوکیشن رانا سکندر حیات کی رہنمائی اور حکومتِ پنجاب کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت شفاف اور منصفانہ ماحول میں منعقد کیا جا رہا ہے۔
چیئرمین بورڈ محمد عدنان خان نے امتحانی مراکز کے دورے کے دوران امتحانی انتظامات، سکیورٹی اقدامات اور امیدواران کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ امتحانی ایس او پیز کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور بوٹی مافیا کے عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے سخت، مؤثر اور جامع حکمتِ عملی پر عمل کیا جا رہا ہے۔
کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان نے مختلف امتحانی مراکز میں امتحانی عملے کی حاضری، سی سی ٹی وی کیمروں کی کارکردگی اور نگرانی کے نظام کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے امتحانی عملے کو ہدایت کی کہ وہ امتحانات کی شفافیت کو قومی فریضہ سمجھ کر اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھائیں۔
انہوں نے امتحانی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امتحانی عملہ ذمہ داری اور دیانت داری کے ساتھ فرائض انجام دے رہا ہے، جو ایک خوش آئند امر ہے۔
چیئرمین بورڈ نے کہا کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی امتحانات کے شفاف انعقاد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہا ہے تاکہ میرٹ کی بنیاد پر نتائج کو یقینی بنایا جا سکے۔