پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں اہم اعزاز حاصل کرلیا۔
بابر اعظم نے اتوار کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جنوبی افریقا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ کے دوران ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ایک بڑا سنگ میل عبور کر لیا۔
بابر اعظم نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلی اننگز میں 23 رنز اسکور کیے اور اس دوران انہوں نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تاریخ میں 3 ہزار رنز مکمل کر لیے ۔
وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے ایشین کھلاڑی بن گئے۔
دائیں ہاتھ کے بیٹر بابر اعظم نے یہ کارنامہ اپنے 37ویں ٹیسٹ میچ میں انجام دیا۔ اب تک وہ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 18 نصف سنچریاں اور 8 سنچریاں اسکور کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ بابر اعظم کے علاوہ انگلینڈ کے جو روٹ، بین اسٹوکس،زیک کرالی اور آسٹریلیا کے، اسٹیو اسمتھ، لبوشین، ٹریوس ہیڈ اور عثمان خواجہ بھی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی تاریخ میں 3 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کر چکے ہیں۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں سب سے زیادہ رنز اسکور کرنےکا اعزاز انگلینڈ کے جو روٹ کے پاس ہے۔ جنہوں نے 69 میچز میں 6 ہزار 80 رنز اسکور کیے ہیں۔