پاکستان کی معاشی ترقی میں اوورسیز پاکستانیوں کا کردار قابلِ تحسین ہے، سیدال خان

0

قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی ملک کے سفیر ہیں اور قوم ان کی خدمات کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

امریکہ۔پاکستان انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس کے بانی و چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز ایم صدیق شیخ کی سربراہی میں آنے والے وفد سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک نئے انداز میں ابھر کر سامنے آیا ہے، جس کے مقامی معاشی سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ اس پیش رفت سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ پاکستان میں عالمی تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔

قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا کہ ملکی تجارت، صنعت اور معیشت کی ترقی کے لیے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور بین الاقوامی سطح پر کام کرنے والے اداروں کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارے سفیر ہیں اور ہم ان کی خدمات کو بے حد سراہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی معیشت تیزی سے بدل رہی ہے — جہاں نئے مواقع جنم لے رہے ہیں، وہیں چیلنجز بھی موجود ہیں — مگر مؤثر پالیسیوں اور حکمتِ عملی کے ذریعے ان چیلنجز کو مواقع میں بدلا جا سکتا ہے۔

گفتگو کے دوران سیدال خان نے کہا کہ حکومت ایسے حالات پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے جہاں کاروبار کرنا آسان ہو، سرمایہ کاری محفوظ رہے اور برآمدات میں مسلسل اضافہ ہو۔

انہوں نے امریکہ میں مقیم پاکستانی کاروباری برادری کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی خدمات کی بدولت پاکستان عالمی معاشی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔

اس موقع پر وفد کے سربراہ ایم صدیق شیخ نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان آ کر خوش ہیں اور ملک میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے قائم مقام چیئرمین سینیٹ کو امریکہ کے دورے کی دعوت بھی دی۔

قبل ازیں، قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے پارلیمنٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن (PRA) کے نومنتخب عہدیداران سے پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پارلیمانی رپورٹنگ، میڈیا کے تعمیری کردار اور عوامی آگاہی کے فروغ پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ میڈیا جمہوری نظام کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی رپورٹنگ صحافت کا ایک نہایت اہم اور ذمہ دار شعبہ ہے جو قانون سازی اور پالیسی سازی سے متعلق درست معلومات عوام تک پہنچا کر ان کے فہم میں اضافہ کرتا ہے۔

سیدال خان نے کہا کہ میڈیا عوام اور پالیسی سازوں کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرتا ہے، اور شفافیت و مثبت رپورٹنگ معاشرے میں اعتماد اور استحکام کو فروغ دیتی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ پائیدار ترقی کے لیے حکومت، نجی شعبہ اور میڈیا کے درمیان تعاون ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کو قومی مفاد، ترقی اور استحکام کے فروغ میں اپنی مثبت روایات کو برقرار رکھنا چاہیے۔

پارلیمنٹری رپورٹرز ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ جمہوری عمل کے ذریعے منتخب ہونے والے لوگ واقعی قابلِ تعریف ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ نئی قیادت ایسوسی ایشن کی مثبت روایات کو جاری رکھتے ہوئے اعلیٰ صحافتی معیار کو مزید فروغ دے گی۔

ملکی حالات کا ذکر کرتے ہوئے سیدال خان نے کہا کہ اس وقت قوم کو اتحاد کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر اجتماعی کوششوں کے ذریعے ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوانِ بالا وفاق کی نمائندگی کرتا ہے جہاں چاروں صوبوں کو برابر نمائندگی حاصل ہے، اور یہی فورم قومی مسائل پر مشترکہ حکمتِ عملی تیار کرنے کے لیے اہم کردار ادا کرتا ہے۔

قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے وزیراعظم کے حالیہ دورۂ امریکہ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس دورے میں عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں ہوئیں، جن سے پاکستان کو بین الاقوامی فورمز پر اپنا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کرنے کا موقع ملا۔

اس موقع پر پی آر اے کے نومنتخب صدر ایم بی سومرو اور سیکریٹری جنرل نوید اکبر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے قائم مقام چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا اور انہیں عمرہ کی ادائیگی پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے میڈیا ورکرز کے مسائل پر بھی روشنی ڈالی اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانون سازی کی ضرورت پر زور دیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.