چین نے پیر کے روز امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان اور افغانستان وسیع تر مفاد کو مدِنظر رکھتے ہوئے تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کریں گے، باہمی مسائل کو بات چیت اور مشاورت کے ذریعے حل کریں گے، تنازعات کو بڑھانے سے گریز کریں گے اور دونوں ممالک سمیت پورے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے مل کر کام کریں گے۔
یہ بات چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لن جیان نے اپنے معمول کے پریس بریفنگ کے دوران کہی۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی جھڑپوں کے باعث تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوئی ہے جس پر چین کو گہری تشویش ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں چین کے دوستانہ ہمسایہ ممالک ہیں، اور چونکہ وہ خود بھی ایک دوسرے کے قریبی ہمسائے ہیں، اس لیے باہمی تعلقات کو بہتر بنانا، سماجی و معاشی ترقی حاصل کرنا، اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد دونوں ممالک کے بنیادی اور طویل المدتی مفاد میں ہے۔
لن جیان نے کہا کہ چین پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری اور ترقی کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین نے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے اپنے ملک میں موجود چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کریں۔