امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کو جلد غیر مسلح ہونے کا پیغام دیدیا۔
امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں ارجنٹائن کے صدر سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ حماس سے امریکا کے اعلیٰ سطح کے حکام نے بات کی، حماس نے بتایا وہ غیر مسلح ہوجائیں گے اگر وہ نہیں ہوتے تو ہم کردیں گے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر حماس نے معاہدے پر عمل نہ کیا تو واشنگٹن خود اقدمات کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ حماس کو غیر مسلح کرنا تیزی سے اور ممکنہ طور پر طاقت کے استعمال سے ہوگا۔
امریکی صدر نے اس سے قبل بھی حماس کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر حماس نے اقتدار نہ چھوڑا تو اسے صفحہ ہستی سے مٹادیا جائے گا۔
ایک روز قبل اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بھی غزہ میں جنگ بندی کے باوجود ہٹ دھرمی سے بیان دیا کہ غزہ میں فوجی کارروائی ابھی ختم نہیں ہوئی۔
نیتن یاہو کا قوم سے خطاب کرتے ہوئےکہنا تھا کہ اسرائیل کو اب بھی بڑے سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔