بارانی زرعی یونیورسٹی میں دوسری بین الاقوامی پریسیژن ایگریکلچر کانفرنس کا آغاز 20 اکتوبر سے ہوگا کانفرنس میں کینیڈا، امریکہ، چین اور دنیا بھر سے زرعی ماہرین اور محققین شرکت کر رہے ہیں پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان کی زیرِ قیادت پاکستان کے زرعی منظر نامے کو تبدیل کرنے میں عملی طور پر کوشاں ہے۔ اسی سلسلے میں 20 سے 22 اکتوبر 2025 تک یونیورسٹی میں دوسری بین الاقوامی پریسیژن ایگریکلچر کانفرنس اور ایکسپو کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال چوہدری مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے جبکہ سینیٹراور وزیراعظم کے خصوصی مشیر برائے سیاسی امور محترم رانا ثناء اللہ خان صاحب ایگری ایکسپو کے مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ اس تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں کینیڈا، امریکہ، چین، پاکستان اور دنیا بھر سے معروف زرعی ماہرین اور محققین شرکت کر رہے ہیں۔ شرکاء موسمیاتی تبدیلی، خودکار کاشتکاری کے نظام، اور جدید زراعت میں مصنوعی ذہانت کے کردار سمیت اہم موضوعات پر تحقیقی مقالات پیش کریں گے۔ کانفرنس میں 8 مختلف ٹینیکل سیشنز، فیلڈ وزٹ اور جدید زرعی آلات اور مشینری کی نمائش بھی شامل ہے۔ اس کانفرنس کا مقصد کسانوں اور اسٹیک ہولڈرز کو روایتی طریقہ کاشت سے جدید زراعت کی طرف لانا اور زرعی پیداوار کو بڑھاتے ہوئے غذائی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔